کینسر کے مریض بچوں کو علاج کی بہتر سہولیات دیں گے،وزیراعلیٰ


کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا بچوں کے علاج کے لیے ہر قسم کی سہولیات فراہم کریں گے۔

انہوں نے یہ بات قومی ادارہ برائے اطفال صحت (این آئی سی ایچ) میں قائم بچوں کے کینسر سینٹر کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج عوام میں بچوں کے کینسر سے متعلق آگاہی دینے کا عالمی دن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بچوں کے علاج معالجے کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینے خود آئے ہیں اوراس بات کو ممکن بنائیں گے کہ مزید بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی ہو۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کینسر سینٹر کے دورے کے موقع پر زیر علاج بچوں سے ملاقات کی اوران سے علاج معالجے کے متعلق استفسار کیا۔

این آئی سی ایچ کے دورے کے موقع پر سید مراد علی شاہ کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ کینسرسینٹر ’چائلڈ ایڈ ایسوسی ایشن‘ کے زیراہتمام خدمات انجام دیتا ہے اور یہ سینٹر 1999 سے کام کررہا ہے۔

وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ این آئی سی ایچ کے کینسر سینٹر میں سات ہزار کینسر کے مریض بچے رجسٹرڈ ہیں۔ ان کو بتایا گیا کہ رجسٹرڈ بچوں میں نہ صرف پورے ملک کے بچے شامل ہیں بلکہ افغانستان کے بچوں کی بھی رجسٹریشن ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو بتایا گیا کہ تین سال کے علاج پر تقریباً چار سے پانچ لاکھ روپے لاگت آتی ہے اورآنے والے تمام اخراجات پیشینٹ ایڈ فاؤنڈیشن برداشت کرتا ہے جس کی وجہ سے بچوں کا علاج بالکل مفت ہوتا ہے۔

مریضوں کے حوالے سے استفسار پر بتایا گیا کہ زیادہ تر رجسٹرڈ بچے بلڈ کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کو یہ بھی بتایا گیا کہ بہت سے بچے دوران علاج، اس کا سلسلہ ترک کردیتے ہیں۔

مقامی ذرائع ابلا غ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بات چیت کے دوران کہا کہ ادویات کی قیمتیں بڑھنے سے مسائل بڑھے ہیں لہٰذا بجٹ بھی بڑھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم سے ملاقات میں کہا ہے کہ کچھ اسپتال ہمارے پاس ہی رہنے دیں۔

وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ ہم نے اسی ضمن میں عدالت میں نظر ثانی کی پٹیشن دائر کی ہے اور امید ہے کہ فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا۔


متعلقہ خبریں