کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی ملکی مفاد میں ہے،وزیراعظم

وزیر اعظم کا اسمگلنگ میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کا حکم

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی ملکی مفاد میں ہے، خطے میں کشیدگی کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ عمران خان نے پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے وفاقی کابینہ کو اعتماد میں لیا جب کہ وزیر اعظم نے دوست ملکوں سے رابطوں اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے اُن کے کردار سے بھی آگاہ کیا۔

وزیر اعظم  عمران خان نے کہا کہ پاکستان پہلے بھی امن چاہتا تھا اور اب بھی امن کا خواہاں ہے تاہم بھارتی جارحیت کا جواب دینا مجبوری تھی۔

انہوں نے کہا کہ خطے کا مستقبل امن سے وابستہ ہے اور خطے میں کشیدگی کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ پاک بھارت کشیدگی میں کافی کمی آ گئی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاک بھارت کشیدہ صورتحال میں مزید بہتری لانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جب کہ عالمی برادری پاکستان کے مؤقف کو سمجھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کسی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں ہیں، ہم نے صرف اپنا دفاع کیا جب کہ ہماری افواج ہر صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مختلف عالمی رہنماؤں سے ہونے والی ملاقاتوں کے حوالے سے کابینہ کو آگاہ کیا جس پر وزیر اعظم نے عالمی سطح پر ہونے والے رابطوں پر شاہ محمود قریشی کی تعریف کی۔

کابینہ ارکان نے پاک بھارت کی کشیدہ صورتحال کو معمول پر لانے کے لیے وزیر اعظم کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے پہلی قومی ٹیرف پالیسی کی منظوری دے دی جب کہ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 26 فروری کے فیصلوں کی توثیق بھی کی۔

کابینہ اجلاس میں پی او ایف اور ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کے بورڈز میں الگ الگ ممبر پروڈکشن کوآرڈینیشن کی تعیناتی کی منظوری دی گئی جب کہ پبلک سیکٹر انٹرپرائززمیں چیف ایگزیکٹو کے انتخاب کے طریقہ کار کی بھی منظوری دی گئی۔

ذمہ دار ذرائع نے وفاقی کابینہ کے طلب کیے جانے والے اجلاس کے حوالے سے ’ہم نیوز‘ کو بتایا کہ منعقدہ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اجلاس کے لیے 18 نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے طلب کیے گئے اجلاس میں حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے میں پیشرفت پر بریفنگ بھی دی گئی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ایئربلیو ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس کے تجدید کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل تھی۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت منعقد ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلا س کے لیے جاری کردہ ایجنڈے کے تحت پبلک سیکٹر انٹرپرائزز میں چیف ایگزیکٹو کے انتخاب کا طریقہ کار، صوبہ خیبرپختوںخواہ اور صوبہ بلوچستان سے نیشنل بینک آف پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرزمیں ڈائریکٹرز کی تعیناتی اور پاکستان سوفٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے ایم ڈٰی کی تعیناتی وزارت آئی ٹی کے تحت کرنے کا معاملہ جیسے امور بھی زیر غور آئے۔

وفاقی کابینہ کے طلب کردہ اجلاس میں پاکستانی وزارت خارجہ اور لیتوانیہ کے درمیان ایم او یو کی منظوری بھی دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں پاکستان ریونیو آڈومیشن لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کا معاملہ زیر غور آیا اور ادارہ شماریات پاکستان کے گورننگ کونسل کے 2 ممبران کی دوبارہ تعیناتی کا جائزہ لیا گیا۔


متعلقہ خبریں