بھارتی جارحیت کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا، شاہ محمود



اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کے جارحانہ اقدام کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا۔ ہم خطے میں امن چاہتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی اور لکسمبرگ کے وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لکسمبرگ کے وزیر خارجہ سے مختلف امور پر بات ہوئی ہے۔ افغان امن عمل میں پاکستان کا اہم کردار ہے۔ ہم افغانستان سمیت پورے خطے میں امن چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جارحانہ اقدام کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا گیا جب کہ جذبہ خیرسگالی کے تحت ہی بھارتی پائلٹ کو رہا کیا۔

وزیر خارجہ لکسمبرگ جین ایزلبورن نے پاکستان کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاک بھارت کشیدگی میں کمی چاہتے ہیں اور ہم نے پاکستان کے ساتھ ماضی میں بھی اظہار یکجہتی کیا  ہے جب کہ عالمی برادری نے بھی پاک بھارت کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے جب کہ افغان مہاجرین کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں افغان مسئلے کا حل مذاکرات ہیں، شاہ محمود قریشی

انہوں نے افغان حکومت اور طالبان میں مذاکرات کے جلد آغاز کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن خطے اور پاکستان کے مفاد میں ہے جب کہ افغان حکومت اور طالبان میں مذاکرات کا جلد آغاز ہونا چاہیے۔

وزیر خارجہ لکسمبرگ نے پاک بھارت کشیدگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کوئی نہیں چاہتا پاکستان اور بھارت میں جنگ ہو جب کہ ہم پاکستان کی جانب سے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہیں۔

انہوں ںے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر پوری دنیا کو تشویش ہے۔


متعلقہ خبریں