ہم نے ہر میدان میں بھارت کو شکست دی، پاکستان



اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ہر میدان میں بھارت کو شکست دی ہے جب کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ملٹری، سیاسی اور سفارتی سطح پر بھارت کو شکست دی ہے۔ ہم اپنی جنگ خود لڑیں گے۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ 26 فروری کو بھارتی طیاروں نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اور 27 فروری کو پاک فضائیہ نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جب کہ بھارتی پائلٹ کو امن کی خاطر رہا کیا گیا۔

بھارت نے بالاکوٹ میں 300 دہشت گردوں کا مارنے کا دعویٰ کیا لیکن اس کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے، ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی جہازوں نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی جب کہ اگلے روز پھر سرحدی حدود کی خلاف ورزی پر پاکستان نے دو بھارتی طیارے مار گرائے، ایک پائلٹ گرفتار ہوا جسے واپس کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی آبدوز کو بھی ٹریس کر کے واپس جانے پر مجبور کیا تاہم اس معاملہ پر سفارتی سطح پر ایکشن کا فیصلہ نہیں ہوا۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ وزیر اعظم نے بھارتی پائلٹ کو جذبہ خیر سگالی کے طور پر رہا کیا گیا۔ پاکستانی وفد 14 مارچ کو کرتار پور میٹنگ کے لیے بھارت کا دورہ کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان کا سرپرائز، 2 بھارتی طیارے تباہ کر دیے

بھارتی جیل میں تشدد سے جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہری شاکر اللہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارت کی جیل میں پاکستانی قیدی شاکر اللہ کی ہلاکت پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے جب کہ پاکستان نے شاکراللہ کی بھارتی جیل میں قتل کی تحقیقاتی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاکر اللہ کے قتل پر پاکستان میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جب کہ پاکستان نے بھارت سے پوسٹ مارٹم رپورٹ شیئر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان نے پاک بھارت کشیدگی میں مثالی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں کئی افراد کو شہید جب کہ کئی افراد کو گرفتار کیا گیا۔ پاکستان بھارتی حکومت کے جارحانہ اقدامات کی مذمت کرتا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارتی جارحیت پر اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں