طاقت کا استعمال صرف ریاست کا استحقاق ہے، آرمی چیف

امن اور مکمل خوشحالی تک جدوجہد جاری رہے گی، آرمی چیف

فوٹو: فائل


راولپنڈی: پاک فوج نے کورکمانڈرز کانفرنس میں کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہارکیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی زیر صدارت 219ویں کورکمانڈرزکانفرنس جی ایچ کیومیں منعقد ہوئی جس میں جاری پاک بھارت کشیدگی اور مجموعی تزویراتی ماحول کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فورم نے کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

فورم نے بھارت کی جانب سے پلوامہ واقعے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی جانب سے مسلسل شہریوں کو ہدف بنائے جانے پر تشویش کا اظہار کیا۔

فورم کے مطابق یہ مظالم جلتی پر تیل کا کام کررہے ہیں اور خطے کے امن کی خاطر ان کا رکنا ضروری ہے جبکہ دنیا کو بھی اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔اجلاس کے دوران 2014 کے نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔

مزید پڑھیں: بھارتی جارحیت کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا، شاہ محمود

اس موقع پر آرمی چیف نے فورسز کے حوصلے اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کسی بھی خطرے کے خلاف چوکنا رہنے کی ہدایت کی۔

انہوں نےحکومتی فیصلوں کی روشنی میں نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد کے سلسلے میں اقدامات میں تیزی لانے کی بھی ہدایت کی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امن، استحکام اور ترقی کی جانب گامزن ہے، طاقت کے استعمال سے ہمیں اس راستے سے کوئی ہٹا نہیں سکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پالیسیاں بنانا اور طاقت کا درست استعمال صرف ریاست کا استحقاق ہے۔


متعلقہ خبریں