محمد زبیر کا حکومتی معاشی ٹیم پر بڑا الزام



اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے حکومتی معاشی ٹیم پر وزیراعظم عمران خان سے حقائق چھپانے کا الزام عائد کردیا ہے۔

پروگرام ندیم ملک لائیو میں میزبان ندیم ملک سے گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ ہماری باری تحریک انصاف کوئی وجہ نہیں سنتی تھی جبکہ اپنی بار ان ہی وجوہات کا سہارا لے رہی ہے۔حکومتی معاشی ٹیم کو سمجھ بوجھ ہی نہیں ہے اور نہ ہی ان کی کوئی تیاری تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے وزیراعظم کو حقائق سے آگاہ نہیں کیا جارہا کہ سات ماہ میں جتنی تیزی سے قرضے بڑھے ایسا ماضی میں کبھی نہیں ہوا۔ ملک میں مہنگائی بڑھ گئی ہے، ٹیکس آمدن کم ہوگئی ہے۔

محمد زبیر نے کہا کہ پنجاب حکومت کا رویہ اچھا سامنے آیا ہے، یہ اچھی پیشکش ہے اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ پرویز مشرف کی کمر میں درد تھا لیکن وہ بھی باہر جاچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی ہمارے اپنے مفاد میں ہے، ہم اب ایکشن لے رہے ہیں جب بالکل پھنس چکے ہیں۔ جب تک ہم شفاف نہیں ہوں گے، دنیا ہم پر انگلیاں اٹھاتی رہے گی۔

محمد زبیر نے کہا کہ جب پہلے بات ہوتی تھی تب ہم اس معاملے پر بحث بھی نہیں کرنا چاہتا تھا جیسے ڈان لیکس میں ہوا، کیا ہی اچھا ہوتا اگر ہم نے یہ کام دنیا کے کہنے سے پہلے ہی کرلیا ہوتا۔

نواز شریف کے علاج کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے، شہباز گل

وزیراعلی پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے کہا کہ وزیراعظم، وزیراعلی نے نواز شریف کو بہترین علاج فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، اسی سلسلے میں آج نواز شریف سے ملاقات ہوئی۔

نواز شریف کو پاکستان میں دستیاب میڈیکل سہولتوں سے متعلق بتایا گیا اور انہیں کہا گیا کہ وہ اپنے بیرون ممالک کے ڈاکٹروں کو بھی بلوانا چاہتے ہیں تو ہم ہر ممکن تعاون کریں گے۔

نوازشریف نے کہا کہ وہ لندن میں جاکر اپنے ڈاکٹروں سے علاج کرائیں گے، سپریم کورٹ سے ضمانت کی درخواست پر فیصلے ہیں۔

اگر قانون بیرون ملک جانے کی اجازت دیتا ہے تو حکومت اس میں کچھ نہیں کرسکتی، اگر عدالت نے ایسا کوئی فیصلہ دیا تو حکومت اس فیصلے کو تسلیم کرے گی۔

نیشنل ایکشن پلان متفقہ فیصلہ ہے اور اسی پر کام کررہے ہیں، مدارس کو بھی مرکزی دھارے میں لائیں گے تاکہ جو ادارے بچوں کو پڑھاتے ہیں ان میں سرمایہ کاری کی جائے.

نوازشریف سمجھتے ہیں اچھا صلہ نہیں ملا، مجیب الرحمان شامی

سئینر صحافی مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ نوازشریف دل کے عارضے میں مبتلا ہیں، یہ انتہائی حساس معاملہ ہے۔ نوازشریف سمجھتے ہیں انہوں نے ملک کے لیے جو کچھ کیا، اس کا صلہ اچھا نہیں ملا۔

اگریہ کرپٹ نہیں تو بے وقوف ہیں، مفتاح اسماعیل

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم نے روزانہ سات کروڑ روپے قرضہ بڑھایا جبکہ یہ لوگ روزانہ 127 کروڑ قرضے کا اضافہ کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ لوگ کرپٹ نہیں ہیں تو بے وقوف ہیں اور نااہل بھی ہیں۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ جنوری میں آٹھ فیصد مہنگائی ہوئی، اگر ایسے حالات رہے تو اگلے مہینوں میںمہنگائی اس سے زیادہ ہوگی۔

اگلے بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں گے، عمرچیمہ

تحریک انصاف کے رہنما عمرچیمہ نے کہا کہ یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ ملکی قیادت کی سوچ ایک ہے، اپوزیشن میں تھے تب بھی حکومت کا ان معاملات پر ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی قیادت کو ذاتی مفاد پر ملکی مفاد کو ترجیح نہیں دینی چاہیے، حکومت یہ اقدام اس لیے اٹھارہی ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے بہت قرضے لیے ہیں۔

عمرچیمہ نے کہا کہ حکومت کو سب سے بڑا چینلج معاشی تھا، حکومت نے اس کے لیے وہ راستہ لیا ہے کہ عوام پر بوجھ کم سے کم پڑے، اگلے بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں گے۔

 

 


متعلقہ خبریں