خواتین کا عالمی دن:سینیٹ اجلاس کی صدارت سینیٹر کرشنا کماری کے حوالے


سینیٹ اجلاس میں آج خواتین کے عالمی دن کے موقع پر چیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اجلاس کی صدارت سینیٹر کرشنا کماری کے حوالے کر دی۔ پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں بھی خواتین کے عالمی دن کے موقع دن پر خواتین کے کردار کی تعریف کی جارہی ہے ۔ تھرپارکر سے تعلق رکھنے والی پیپلزپارٹی کی  سینیٹر کرشنا کماری پریذائیڈنگ آفیسر بننے ہو خوشی سے نہال نظر آئیں۔ سینیٹر کرشنا کماری نے کہا بہت فخر محسوس کر رہی ہوں ،یہ سب پاکستان کی وجہ سے ہے۔

کرشنا کماری نے کہا آج خواتین کا دن ہے،خواتین کو بات کرنے کا موقعہ ملنا چاہیے،مرد حضرات کو سارا سال موقعہ ملتا ہے، آج خواتین کا دن ہے۔

’سینیٹ میں خواتین کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرار داد متفقہ طور پر منظور‘

سینیٹ میں خواتین کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ قرارداد سینیٹر نزہت صادق نے پیش کی تھی۔  قرارد داد میں کہا گیا کہ ایوان قوم کی تعمیر میں خواتین کے کردار کو سراہتا ہے ۔خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں ۔

اس سے قبل چیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نےخواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایوان بالا کےاجلاس کے دوران اپنا پیغام بھی سنایا۔

صادق سنجرانی نے کہا خواتین کے عالمی دن کے موقع پر میں پاکستانی خواتین کی ملک و قوم کی ترقی میں گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ پاکستانی خواتین نے ثابت کیا ہے کہ وہ کسی بھی شعبہ میں مردوں سے کم نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس اہم موقع پر ہمیں یہ عہد بھی کرنا چاہئے کہ ہم ایسا ماحول بنائیں گے جو خواتین کے آگے بڑھنے میں رکاوٹ نہ بنے۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خواتین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:خواتین کو مضبوط دیکھنا میرا خواب ہے، سلطانہ صدیقی

سینیٹ اجلاس میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پرحکومت کی طرف سے  تشہیر کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ اشتہارات میں محترمہ بینظیر بھٹو کو نظر انداز کرنے پر اپوزیشن برہم نظر آئی۔ شیری رحمان کی جانب سے ایوان میں احتجاج کیا گیا۔ اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کے بعد واک آؤٹ بھی کیا گیا۔

قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ہم محترمہ بینظیر بھٹو صاحبہ کی ملک کے لئے خدمات کے معترف ہیں۔ محترمہ کی سیاسی جدوجہد کو دنیا بھر میں مانا جاتا ہے۔

چیرمین سینیٹ نے کہا قائد ایوان صاحب آپ انفارمیشن منسٹری سے اس اشتہار سے متعلق معلومات لیں۔


متعلقہ خبریں