ایوان میں نماز: حکومتی ارکان کی قرارداد سے متفق نہیں، فواد

ایوان میں نماز: حکومتی قرارداد سے متفق نہیں، فواد | ہم نیوز

اسلام آباد: قومی اسمبلی اجلاس میں نماز کی ادائیگی پر حکومتی ارکان کی قرارداد پر وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ وہ اس قرارداد سے متفق نہیں ہیں۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ حکومتی ارکان کی قرارداد سے متفق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں مذہبی کارڈ کا استعمال درست نہیں، جس طرح  فیصل واڈا کے معاملہ پر ارکان نے مذہبی کارڈ استعمال کیا اسی طرح حکومتی ارکان نے بھی وہی کیا۔

گزشتہ روز غلط سمت میں نماز پڑھنے پر جے یو آئی اور ن لیگ کے اراکین کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے اراکین علی خان جدون اور ابراہیم خان نے قرارداد جمع کروائی تھی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ نماز کی ادائیگی کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس میں مسجد موجود ہے، اس کے باوجود بھی نامناسب جگہ پر نماز ادا کی گئی۔

قرارداد میں مزید کہا گیا تھا کہ غلط سمت اور نامناسب جگہ نماز کی ادائیگی سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

بدھ کے روز فنانس ترمیمی بل کی شق اور منظوری کا عمل شروع ہوا تو اپوزیشن نے ایوان کے اندر ہی نماز کی ادائیگی شروع کردی۔

متحدہ مجلس عمل کے مولانا  اسد محمود کی امامت میں خواجہ آصف اور احسن اقبال سمیت کئی اراکین نے نماز مغرب ادا کی۔


متعلقہ خبریں