سندھ اسمبلی میں تحاریک جمع کرانے کا مقابلہ شروع


کراچی: سندھ اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے بعد تحریک انصاف کے اراکین کی جانب سے صوبائی وزیر سعید غنی اور شہلا رضا کے خلاف شکایات اسپیکر سندھ اسمبلی تک پہنچ گئی ہیں۔

تحریک انصاف کے رکن عبدالغفار نے صوبائی وزیر شہلا رضا کےخلاف شکایتی خط اسپیکر کو ارسال کردیا جس میں انہوں نے شہلا رضا سے اپنے اوپر لگائے الزامات واپس لینے اور معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے ہی رکن سندھ اسمبلی بلال احمد نے بھی اسپیکر سندھ اسمبلی کو لکھے گئے خط میں شہلا رضا سے معذرت کا مطالبہ کیا ہے۔ خط میں ان کا کہنا ہے کہ نجی چینل پر شہلا رضا نے 7 مارچ کوجھوٹے الزامات لگائے۔ مجھ پر رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید پر ہاتھ اٹھانے کا الزام لگایا۔

خط میں ان کا مزید کہنا ہے کہ بطور صوبائی وزیر اور رکن سندھ اسمبلی شہلا رضا کا رویہ غیر ذمے دارانہ ہے، انہوں نے غیر حقیقی باتیں کرکے میری شہرت کو نقصان پہنچایا, وہ ایوان میں آکر فوری طورپرمعذرت کریں۔

تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی راجہ اظہرنے وزیربلدیات سعیدغنی کےخلاف تحریک استحقاق جمع کرادی ہے۔

تحریک انصاف کے ہی رکن عدیل احمد نے اسپیکر سندھ اسمبلی کو ایم ایم اے رکن عبدالرشید کے خلاف خط لکھا ہے جس میں انہوں ایم ایم اے رکن پر حملہ آور ہونے کا الزام لگایا ہے۔

گزشتہ روزسندھ اسمبلی میں ایم ایم اے کے رکن اسمبلی عبدالرشید نے اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم کے خلاف تحریک استحقاق پیش کی جس پرتحریک انصاف کے اراکین برہم ہوگئے.

ایوان میں اپوزیشن اراکین کے اشتعال کے سامنے پیپلزپارٹی کے اراکین ڈھال بن گئے تھے جس پر دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے کے خلاف الزامات کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔


متعلقہ خبریں