کاش وزیراعظم مودی کو جواب دینے کی ہمت دکھاتے، بلاول

کاش وزیراعظم مودی کو جواب دینے کی ہمت دکھاتے، بلاول | ہم نیوز

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کی تقریر کے ردعمل میں کہا ہے کہ کاش وزیراعظم مودی کو جواب دینے کی ہمت دکھاتے، کاش ہمارے وزیراعظم کالعدم تنظیموں کے خلاف بھی اسی طرح بات کرتے جیسے وہ اپوزیشن پر تنقید کرتے ہیں۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا لب ولہجہ اپوزیشن کے لئے ہی سخت ہوتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قومی اسمبلی میں میری تقریر پر عمران خان اسی وقت میرے سامنے ردعمل دیتے، بزدل لوگ پیٹھ پیچھے ردعمل دیتے ہیں۔

مزید پڑھیں: فوج تیار ہے،جوابی کارروائی سے دریغ نہیں کریں گے،وزیراعظم

ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے اپنے تھر کے جلسے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ تھر کا جلسہ ہو تو ایسا ہو۔

واضح رہے کہ بلاول بھٹو نے 21 جولائی 2018 کے جلسے کی فوٹیج شیئر کی جو ننگرپارکر کے علاقے میں تاریخی جلسہ تھا۔

انتخابات 2018 میں ایک حلقے میں سب سے زیادہ ووٹ تھر سے ڈالے گئے تھے۔ پی پی پی نے حلقے میں واضح کامیابی حاصل کی تھی۔

ادھر نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ عمران خان پوری تقریر میں چھاچھرو کو چھچھرو کہتے رہے، کوئی وزیراعظم کو بتائے وہ چھچھرو نہیں چھاچھرو میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو جس جگہ کا نام صحیح معلوم نہ ہو اس جگہ کی عوام اور مسائل کا کیا پتا، عمران خان کے اعداد وشمار خیالی ہیں حقیقی نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کو کوئی بتائے کہ تھرپارکر نہیں خیبر پختونخواہ کا کوہستان سب سے پسماندہ علاقہ ہے۔


متعلقہ خبریں