گوگل کا خواتین کو منفرد انداز میں خراج تحسین


خواتین کے عالمی دن کے موقع پر گوگل نے بھی دنیا بھرکی خواتین کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ گوگل نے اس خاص تہوار پر ڈوڈل سے ہٹ کے منفرد اندازاختیار کیاہے۔

گوگل نے اس بار جو  ڈوڈل لگایا ہے اس میں لفظ “خاتون” دنیا کی مختلف زبانوں میں درج ہے۔ دنیا بھر سے13  منتخب خواتین کے اقوال پر  مبنی  انتہائی خوبصورت سلائیڈ بھی ڈوڈل کے ساتھ اپلوڈ کی گئی ہے۔۔ ان خواتین میں  شاعر ، ادیب، کھلاڑی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین شامل ہیں۔

ذہن کے دریچے کھولنے والے اقوال اور خوبصورت رنگوں اور ڈیزائن سے آراستہ سلائیڈ میں  جو تصاویر دی گئی ہیں ان میں مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کے انہی کی اپنی زبان میں اقوال انگریزی زبان کے ترجمے کے ساتھ لگائے گئے ہیں۔

سلائیڈ کی پہلی تصویر میں امریکی خلانورد اور فزیشن ڈاکٹر مے جیمیسن کا قول درج ہے جس میں کہا گیاہے کہ ’’دیگر لوگوں  کے محدود تصورات کے سامنے  خود کو کبھی بھی محدود تصور مت کریں۔‘‘

میکسیکن آرٹسٹ فریڈا کاہلو کا قول دوسری سلائیڈ میں لگایا گیاہے ۔ وہ کہتی ہیں ’’اگر میرے پنکھ ہوتے تو مجھے پائوں کی ضرورت ہی کیا تھی۔ ‘‘

جرمن لکھاری ایما ہئیریغ کی تحریر تیسری سلائیڈ میں ہے جس میں کہا گیاہے کہ ’’ دنیا میں کوئی بھی چیز آپ کو پابندنہیں بناسکتی ماسوائے آپ کے اندر کی اعلی سچائی کے۔‘‘

سلائیڈکی چوتھی تصویر جاپان کی ملٹی میڈیا آرٹسٹ یوکواونوکے ان الفاظ پر مبنی ہے۔ ’’ایک خواب صرف خواب ہے جب آپ اکیلے دیکھتے ہیں، اگر کوئی خواب آپ ملکر دیکھیں تو وہ حقیقت ہے خواب نہیں۔‘‘

اسی طرح ایک بھارتی سفارتکار این ایل بینو زیفائن کا قول ہے  ’’ہم  بہت قیمتی ہیں ،اپنے دماغ میں مایوسی کو گھسنے ہی کیوں دیتے ہیں۔‘‘

بھارتی باکسر میری کوم کا قول ہے ’’یہ مت کہیں کہ آپ خاتون ہیں ،اس لیے کمزور ہیں  ۔ ‘‘

برازیلین ناول نگار کلیرائس لیسپیکٹر کی کہی بات ’’ میں اپنی ذات سے مضبوط ہوں ‘‘ ساتویں سلائیڈ میں درج کی گئی ہے۔

عراقی نژاد برطانوی آرکیٹیک ظہ حدید کا قول بھی موجود ہے جس میں کہا گیاہے کہ ’’مجھے مستقبل کے خیال پر واقعی یقین ہے۔ ‘‘

روسی شاعرہ مرینا ٹسویٹیوا کی خوبصورت بات بھی سلائیڈ کا حصہ بنائی گئی ہے جس میں وہ کہتی ہیں کہ ’’پنکھ تب تک آزاد ہیں جب تک وہ اڑان میں ہیں۔جب وہی پنکھ  کسی کی پیٹھ پر ہیں تو سوائے بوجھ کے کچھ بھی نہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھیے:پاکستان کا سرمایہ افتخار خواتین رہنما

فرانسیسی ناول نگارجارج سینڈ  کا قول بھی موجود ہے جس میں وہ لکھتی ہیں کہ ’’مستقبل کو ماضی کی بہ نسبت زیادہ خوبصورتی سے بیدار کیا جاسکتاہے۔‘‘

چین میں پیدا ہونے والی تائیوان کی لکھاری سنمائو لکھتی ہیں کہ ’’جو شخص کم از کم ایک بھی خواب رکھتا ہے اس کے پاس مضبوط رہنے  کی ایک وجہ تو موجود ہے۔‘‘


متعلقہ خبریں