چین کے ساتھ ڈیل ہوجائے گی،ڈونلڈ ٹرمپ پرامید

چین کے ساتھ ڈیل ہوجائے گی،ڈونلڈ ٹرمپ پرامید

واشنگٹن: امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ چین کے ساتھ ڈیل ہوجائے گی لیکن ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ ڈیل ہو یا نہ ہو، ہر صورت میں امریکہ کی بہتری ہے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق وہ وائٹ ہاؤس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔

امریکہ کے صدر نے کہا کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے اچھے تعلقات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر شمالی کوریا نے میزائل ٹیسٹ دوبارہ شروع کیے تو مایوسی ہوگی۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پال مینا فورٹ کے لیے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس لیے دکھی ہوں کہ ان کے لیے جیل میں مشکل وقت ہوگا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سابقہ صدارتی مہم کے سربراہ پال مینا فورٹ کو ٹیکس چوری اور بینک فراڈ پر 47 ماہ قید کی سزا سنا ئی گئی ہے۔ ان کے خلاف ایک اور مقدمہ بھی کولمبیا میں زیرسماعت ہے۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق وکیل مائیکل کوہن کو بھی دسمبر 2018 میں تین سال کے لیے جیل بھیج دیا گیا تھا۔ ان پر صدر ٹرمپ کے لیے  خلاف ضابطہ مالی ادائیگیوں کا الزام تھا۔ وہ روس سے رابطوں کے حوالے سے بھی زیرتفتیش رہے تھے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکہ نے ایک مرتبہ پھر شمالی کوریا سے بات چیت پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ دونوں ممالک کے سربراہان کے مابین گزشتہ دنوں ہنوئی، ویتنام میں ہونے والی ملاقات بے نتیجہ ختم ہوئی تھی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اورشمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے درمیان ویتنام میں دوسری ملاقات ہوئی تھی جو بے نتیجہ رہی تھی۔

امریکہ اور شمالی کوریا کے سربراہان کے مابین کئی دہائیوں کے بعد پہلی ملاقات جون 2018 میں سنگاپور میں ہوئی تھی۔

اس ملاقات کے لیے امریکہ کے موجودہ سیکریٹری خارجہ مائک پومپیو نے ساری پلاننگ و منصوبہ بندی کی تھی۔ اس وقت وہ امریکی سی آئی اے کے سربراہ تھے اور ڈونلڈ ٹرمپ ان کی بطور سیکریٹری آف اسٹیٹ نامزدگی کا اعلان کرچکے تھے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی حکام شمالی کوریا کی میزائل سے متعلق سرگرمیوں کے باوجود دوبارہ بات چیت کرنے پر آمادہ ہیں۔

اس ضمن میں امریکی حکام کا مؤقف ہے کہ وہ کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کو اولین ترجیح دیتے ہیں اور یہ مقصد بات چیت سے حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

غیرملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق شمالی کوریا پہلی مرتبہ انٹر کونٹیننٹل بیلسٹک میزائل تیار کرنے پر عمل درآمد کررہا ہے۔ یہ بلیسٹک میزائل امریکہ تک کو ہدف بنانے کی صلاحیت کا حامل ہوگا۔

عالمی ذرائع ابلا غ میں گزشتہ دنوں یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ شمالی کوریا نے اپنے میزائل پروگرام پردوبارہ عمل درآمد شروع کردیا ہے۔


متعلقہ خبریں