ہم جانتے ہیں کیسے لڑا جاتا ہے، فواد چوہدری

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ہم خطے میں امن چاہتے ہیں لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو ہم جانتے ہیں کیسے لڑا جاتا ہے۔

وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے روسی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو کہا کہ تم ایک قدم بڑھاؤ ہم دو بڑھائیں گے۔ پاکستان نے خطے میں امن کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی انتخابات میں کامیابی کے لیے جنگ کا ماحول پیدا کرنا چاہ رہا ہے جب کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو ہم جانتے ہیں کہ جنگ کیسی لڑی جاتی ہے۔

پاکستان نے 70 سال میں تین جنگیں لڑی ہیں اور ہم ایک اور جنگ بھی لڑ سکتے ہیں، فواد چوہدری

انہوں نے پلوامہ دھماکہ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بھارت کی جانب سے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں جب کہ بھارت کو تحقیقات کی پیشکش کی ہے لیکن اس پر بھی کوئی جواب نہیں ملا۔

یہ بھی پڑھیں فواد چوہدری کا آئی سی سی سے بھارتی کرکٹرز کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

فواد چوہدری نے واضح کہا کہ ہمارے پاس 3 آپشنز تھے۔ پہلا آپشن جنگ لڑنے کا ہی ہے جب کہ دوسرا آپشن یہ ہے کہ ہم ایک دوسرے کو کمزور کرنے کے لیے کام کرتے رہیں۔

انہوں نے تیسرے آپشن سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم مل کر بات کریں اور خطے میں جاری دہشت گردی کے خلاف پارٹر بن جائیں، ہم بھارت کو تیسرے آپشن کی پیشکش کر رہے ہیں، اسکے علاوہ ہم کیا کر سکتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ  تمام مسائل کا واحد حل بات چیت ہی میں ہے جب کہ مسئلہ کشمیر پاکستان بھارت کے درمیان حقیقی مسئلہ ہے جس پر بات چیت کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیں مسلسل کمزور کرنے کے لیے کوششیں کر رہا ہے، بلوچستان کی دہشت گردی میں بھی بھارت ہی ملوث ہے۔


متعلقہ خبریں