جعلی بنک اکائونٹس کیس: دبئی سے اہم ملزم گرفتار

دیہاڑی دار مزدور کی نیب میں طلبی

فائل فوٹو


کراچی: مبینہ جعلی بنک اکائونٹس  کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ عمیر ایسوسی ایٹس کے مالک محمد عمیر کو دبئی سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم محمد عمیر کے بینک اکاؤنٹ میں اربوں روپے منتقل گئے تھے اور عمیر کا نام 20 مرکزی ملزموں میں شامل ہے۔

2015 سے مفرور محمد عمیرسے متعلق معلوم ہوا ہے کہ وہ  اومنی گروپ کا آفس بوائے تھا۔ ملزم محمد عمیر کو اپنے نام پر جعلی اکاونٹ کھولے جانے کا علم بھی تھا۔
ملزم محمد عمیر پاکستان سے فرار ہونے کے بعد متحدہ عرب امارت کی ایک کمپنی میں ملازمت کررہا تھا۔

دوسری جانب قومی احتساب بیورو(نیب) نے مبینہ جعلی بینک اکاوننٹ کیس کی تحقیقات مزید تیز کردی ہیں۔

نیب کا آصف زرداری کو طلب کرنے کا فیصلہ

ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ نیب راولپنڈی نے رواں ماہ سابق صدر آصف زرداری،  بلاول بھٹو اور فریال تالپور کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس: نیب کا زرداری کو طلب کرنے کا فیصلہ

اطلاعات ہیں کہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو بھی رواں ماہ ہی طلب کیا جائے گا، فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملزمان کو نیب راولپنڈی کے دفتر طلب کیا جائے گا۔

ملزمان کا بیان ریکارڈ کرنے کے علاوہ تحریری جواب طلب کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا اور تفتیشی افسران نے تحریری سوالنامہ تیار کرنا شروع کر دیا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کی ہر تقریر کے بعد نیب کو تکلیف ہوتی ہے۔ نیب سلیکٹڈ وزیراعظم کا سیاسی ہتھیار بننے سے گریز کرے۔

انہوں نے کہا کہ نیب علیمہ خان کو نوٹس کیوں نہیں دیتی۔ علیمہ خان کے خلاف چندہ چوری اور منی لانڈرنگ کا کیس بنتا ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف کردار کشی کی مہم پرانی ہے۔ نیب سندھ میں سرگرم پنجاب اور کے پی میں بھیگی بلی ہے۔ جھوٹی کہانیاں گھڑنے والوں کا مقدر مایوسی اور شرمندگی ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی( ایف آئی اے) نے بے نامی اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کیس میں 32 افراد کے خلاف تحقیقاتی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی تھی۔ رپورٹ میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور  کے نام بھی شامل تھے۔

ایف آئی اے نے اسی معاملہ میں نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی اور بینکر طحہ کو گرفتار کیا تھا جو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔ اومنی گروپ کے سربراہ جعلی بینک اکاؤنٹس سے فائدہ اٹھانے والی کمپنیوں کے ساتھ تعلق کا اقرار بھی کر چکے ہیں۔

سابق وزیر اعظم آصف علی زرداری اور فریال تالپور نے عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر رکھی ہے۔

سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کی رپورٹ پر نیب کو تحقیقات کرنےکا حکم دیا تھا۔ نیب نے معاملے کی تحقیق کیلئے  چار کمبائن انویسٹی گیشن ٹیمیں تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا۔


معاونت
متعلقہ خبریں