2021 کے بعد امریکی شہریوں پر ویزے کے بغیر یورپی ممالک میں داخلے پر پابندی


بیلجیم: یورپی یونین نے امریکی شہریوں کے 2021 کے بعد یورپ میں بغیر ویزے کے داخلہ بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

یورپی یونین کے مطابق امریکی شہریوں کو یورپ کا سفر کرنے کے لیے نئے سیکیورٹی نظام کے مطابق ویزے کی ضرورت ہوگی۔ یورپی یونین کے مطابق یہ نیا اقدام دہشتگردی اورغیر قانونی تارکین وطن سے بچنے کے لیے کیا گیا ہے۔

اس نئی پالیسی کے اعلان سے قبل امریکی شہری بغیر ویزے کے 90 دنوں تک یورپ میں قیام کرسکتے ہیں۔

ویزے کی نئی پالیسی کے نفاذ کے بعد امریکی شہریوں کو ویزے کے لیے پاسپورٹ، کریڈٹ یا ڈبیٹ کارڈ اور ای میل کی ضرورت ہوگی۔ اس ویزے کے حصول کے بعد امریکی شہریوں کو یورپ میں تین سال کے اندر جتنی بار وہ چاہیں داخلے کی اجازت ہوگی۔

شنجین زون میں یورپ کے 26 ممالک شامل ہیں جن کی سرحدیں نہیں ہیں اور شہری ایک سے دوسرے ملک میں باآسانی سفر کرسکتے ہیں۔ اس میں اسپین، فرانس، جرمنی ،اٹلی اور پولینڈ جیسے ممالک بھی شامل ہیں۔

امریکہ کا یورپی یونین پارلیمنٹ اور یورپین کمیشن سے بلغاریہ، پولینڈ، سائیپرس، کروشیا اور رومانیہ کے معاملے پر پہلے ہی تنازع ہے کہ امریکی شہریوں کو ان پانچ ممالک میں داخلے کے لیے ویزے کی ضرورت ہوتی ہے۔

اسی حوالے سے 2016 میں یورپی کمیشن نے امریکہ سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ بھی ان پانچ ممالک کو وہی ویزے کی سہولت مہیا کرے جو یورپ کے دیگر ممالک کو حاصل ہے تب ہی امریکیوں کو بغیر ویزے کے داخلے کی اجازت ملے گی۔

جون 2018 میں یورپی پارلیمنٹ کے کمیشن نے امریکہ کے لیے اس شرط پر مبنی پالیسی کے حق میں منظوری دی تھی۔


متعلقہ خبریں