پاک بھارت کشیدگی: یورپی پارلیمنٹ کے 40 ارکان کا عمران خان، مودی کو خط


پاک بھارت کشیدگی میں کمی لانے کے لئے مغربی ممالک بھی سرگرم ہوگئے ہیں، یورپی پارلیمنٹ کے 40 ارکان نے وزیراعظم عمران خان اور بھارتی وزیراعظم مودی کو خط لکھ دیا۔

یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر سمیت چالیس ارکان نے پاک بھارت وزرائے اعظم کے نام خط میں دونوں ملکوں میں کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا جبکہ تناؤ میں کمی کے  لیے مذاکرات کرنے پرزور بھی دیا گیا۔

خط میں ارکانِ یورپی پارلیمنٹ نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی رہائی کو سراہا اور کہا ہے کہ پاکستان کا اقدام مذاکرات اور امن کاراستہ کھولنے کا باعث بنےگا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ لائن اف کنٹرول پر کشیدگی تشویش ناک ہے، دونوں ممالک کی قیادت کشیدگی کے خاتمے کے لئے فوری طور پر مذاکرات کا آغاز کرے۔

مزید پڑھیں: کشیدگی کم کرانے میں امریکہ نے اہم کردار ادا کیا، شاہ محمود قریشی

ارکان یورپی پارلیمنٹ نے یہ بھی کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل ہوئے بغیر دیرپا امن قائم نہیں ہوسکتا، انہوں نے معاملے پر اپنا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی بھی کی ہے۔

خیال رہے کہ یورپی پارلیمنٹ نے خط ایک ایسے موقع پر لکھا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے۔

پلوامہ واقعے کے بعد سے مودی سرکار پر جنگی جنون سوار ہے۔ اسی کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت نے دو مرتبہ پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔ دوسری مرتبہ ایسا کرنے پر پاک فضائیہ نے بھارت کے دو طیارے مار گرائے جبکہ ایک پائلٹ ابھی نندن کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلان کیا جس کے بعد ابھی نندن کو براستہ واہگہ بارڈر بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا۔

تاہم پاکستان کے دوستانہ جذبے کے جواب میں بھارت کی جانب سے مسلسل اشتعال انگیز بیان سامنے آرہے ہیں۔

اس کے علاوہ ایک اور خبر بھی منظر عام پر آئی تھی کہ بھارت نے اسرائیل کی مدد سے پاکستانی علاقوں میں حملوں کو منصوبہ بنایا تھا تاہم جواب کے ڈر سے اسے روک دیا گیا۔


متعلقہ خبریں