کے کے ایف منی لانڈرنگ کیس پر جے آئی ٹی تشکیل

فوٹو: فائل


متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاونڈیشن کے خلاف منی لانڈرنگ معاملے پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی۔

ٹیم کی سربراہی ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ کے ڈائریکٹر مظہر کاکاخیل کریں گے۔

ٹیم میں حساس اداروں کےنمائندے بھی شامل ہیں۔  اکتوبر دوہزار سترہ  میں   خدمت خلق فاؤنڈیشن کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ کراچی میں درج ہوا تھا۔

بعدازاں کیس کی تحقیقات ایف آئی اے اسلام آباد  کے حوالے کردی گئی تھیں۔نومبر 2018 کو وفاقی تحقیقاتی ادارے نے متحدہ کے دو وفاقی وزرا ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور  بیرسٹر فروغ نسیم سے بھی کیس میں پوچھ گچھ کی تھی۔

ایف آئی اے نے کیس میں ملوث میئر کراچی وسیم اختر سمیت 726 افراد کے ناموں کی فہرست بھی جاری کی تھی۔

رواں سال جنوری میں ایف آئی اے نے کراچی میں کے کے ایف کی 29 جائیدادیں ضبط کرلی تھی جن کی مالیت تین ارب روپے ہے۔

ایجنسی کا کہنا ہے کہ یہ جائیدادیں بھتے کی رقوم سے بنائی گئی تھیں۔ ایف آئی اے کے مطابق ایم کیوایم کے 50 سے زائد رہنماؤں نے کے کے ایف کے اکاؤنٹس سے اربوں روپے لندن بھجوائے۔

ان میں بانی ایم کیوایم، وسیم اختر، قمر منصور، اشفاق منگی، سابق سینیٹر احمد علی اور  تنوریر الحق تھانوی بھی شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں