انسداد دہشتگردی: پاکستان، ایران کا انٹیلی جنس اداروں کے تعاون پر اتفاق

وزیراعظم، ایرانی صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ | ہم نیوز

لاہور: وزیراعظم عمران خان کا ایران کے صدر حسن روحانی سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس کے دوران وزیراعظم نے ایرانی صدر کو موجودہ صورت حال سےآگاہ کیا۔

گفتگو کے دوران عمران خان نے ایرانی صدر کے ساتھ 27 ایرانی گارڈز کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔

دونوں رہنما متفق تھے کہ پاکستان اور ایران مل کر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کام کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ دونوں ملکوں کے انٹیلی جنس ادارے ایک دوسرے کی مدد کریں گے۔

عمران خان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعات پر بھی گفتگو کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایران دونوں ممالک کے درمیان حالات درست کرنے میں کردار ادا کرے۔

وزیر اعظم نے ایرانی صدر کا کشمیریوں کے اصولی موقف کی تائید پر بھی شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

مزید پڑھیں: ایران سمیت کسی ملک کے خلاف نہیں، زرتاج گل

اس موقع پر ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں، خطے میں امن کے لیے پاکستان کا کردار بہت اہم ہے۔

حسن روحانی نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لئےحکومت پاکستان سے ہرقسم کےتعاون کے لیے تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دہائیوں سےدوستانہ تعلقات ہیں، دشمن کو دونوں ملکوں کےدرمیان تعلقات خراب کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق صدر حسن روحانی نے وزیراعظم پاکستان کو ایران دورے کی دعوت دی جسے عمران خان نے قبول کرلیا۔


متعلقہ خبریں