وزیراعظم کا دورہ لاہور سرگرمیوں سے بھرپور


لاہور: وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں مصروف دن گزارا اور کئی اجلاسوں کی صدارت کرکے پنجاب میں ہونے مختلف محکموں میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہی حاصل کی۔

وزیراعظم عمران خان کو لاہور میں پناہ گاہوں کے قیام کے حوالے سے پیشرفت اور آئندہ مہینوں میں صوبے بھر میں مزید پناہ گاہوں کے قیام کے حوالے سے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی،

کمشنرلاہور نے بتایا کہ لاہور میں اس وقت پانچ پناہ گاہوں کے قیام پر کام جاری ہے جن میں سے تین اپریل کے مہینے میں جبکہ دو مئی 2019 میں پایہ تکمیل کو پہنچ جائیں گی۔

وزیراعظم نے صوبے بھر میں پناہ گاہوں کے قیام میں مخیرحضرات کی رضاکارانہ دلچسپی اورعملی خدمات کی حوصلہ افزائی اورمکمل حکومتی تعاون کا اعادہ کیا۔

انہوں نے زیادہ سے زیادہ ضرورت مند اور بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہوں میں گنجائش میں اضافے اور توسیع کے لیے ہرممکن اقدام کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم کی زیرصدارت کلین اینڈ گرین پاکستان مہم پرپیشرفت اجلاس

 وزیراعظم عمران خان  نے صوبہ پنجاب میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم پر پیشرفت پر جائزہ اجلاس کی بھی صدارت کی، جس کے دوران انہیں بریفنگ دی گئی کہ اب تک تقریباً 111254 ایکڑ اراضی کو غیر قانونی قبضہ سے واگزار کرا لیا گیا ہے۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ صوبے بھر میں 174.50 ملین روپے گھوسٹ ایمپلائیزکے ضمن میں اکٹھے کیے گئے ہیں۔ 18 مارچ کو سینیٹیشن ویک کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کا افتتاح وزیر اعلی پنجاب کریں گے۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پنجاب میں 21 مارچ سے پلانٹ فارپنجاب مہم کاآغاز ہوگا جس کے تحت صوبے بھر میں دس لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا ہمارے پاس افرادی قوت کی کمی نہیں ہے، بس دیانت دار لوگوں کی حوصلہ افزائی اور کام نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام میں ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے آگاہی اشد ضرورت ہے، ہمیں اپنی موجودہ اور آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنانا ہے۔

وزیراعظم کو پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بریفنگ

 وزیر اعظم عمران خان کو پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے خوارک میں ملاوٹ کی روک تھام کے سلسلے میں کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نے وزیرِ اعظم کو عوام کو ملاوٹ سے پاک اشیا خورد و نوش کی فراہمی کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزیر اعظم نے ملاوٹ شدہ اشیا کے استعمال کے خلاف بھر پور آگاہی مہم شرو ع کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے دودھ کی معیاری سپلائی کے لیے جامع منصوبہ بنانے اور دودھ میں مضر صحت کیمکل ملانے والو ں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔

وزیراعظم کو سیاحت کے فروغ کے حوالے سے بریفنگ

وزیر اعظم عمران خان کو صوبہ پنجاب میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ صوبے کی پہلی سیاحت پالیسی کا مسودہ کابینہ میں پیش کیے جانے کے لیے تیار ہے۔صوبے بھر میں آٹھ نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔

وزیراعظم کو کوٹلی ستیاں، چکوال، کوہ سلیمان، اٹک، کالا باغ، خوشاب، بہاولپور اور جہلم میں نئے سیاحتی مقامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو سرکاری گیسٹ ہاؤسزکو سیاحوں کے لیے رہائش گاہ بنانے کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا گیا، یہ بھی بتایا گیا کہ 70 ریسٹ ہاوسزکو عوام کے لیے کھولا جارہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے مذہبی اور ثقافتی سیاحت ، خصوصا کرتارپور راہداری کے تناظر میں سیاحت کے مواقع اور اہمیت کو اجاگر کیا اور خصوصی اقدامات کی ہدایت بھی کی۔

عمران خان نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے مقامی لوگوں کو روزگار میسر ہو گا، سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور دور افتادہ علاقے ترقی کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے۔ ہمیں نیشنل پارکس بنانے پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے  تاریخی و ثقافتی مقامات کی تزئین و آرائش کے حوالے سے وسائل کی دستیابی کے حوالے سے اقدامات کے لیے بھی مختلف ہدایات جاری کیں۔


متعلقہ خبریں