بھارتی حکومت اور میڈیا دنیا کو گمراہ کررہا ہے، ترجمان دفتر خارجہ


اسلام آباد: ترجمان پاکستان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت اور میڈیا عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لیے غلط معلومات پھیلا رہے ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ بھارت اپنی ناکامی وشرمندگی چھپانے اور مقامی سیاسی فوائد سمیٹنے کے لیے جھوٹا پروپگنڈہ کررہا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے جاری کردہ بیان میں ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان نے موجودہ صورتحال میں سنجیدگی سے اپنا ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے باوجود سیاسی محاذ پر بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق بھارت نے ایف – 16 طیارہ مار گرانے کا دعوی کیا لیکن وقت کے ساتھ اس کے تمام دعوے جھوٹے ثابت ہوئے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کے ذمہ دارانہ رویے کے باوجود بھارتی حکومت انتخابی فوائد کے لیے دھمکی آمیز لہجہ اپنائے ہوئے ہے۔

ہم نیوزکے مطابق ترجمان نے یاد دلایا کہ وزیراعظم عمران خان نے جذبہ امن کے تحت بھارتی پائلٹ کو واپس بھیجا اور پوری دنیا میں پاکستان کے اس اقدام کو سراہا گیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق عالمی برادری پر مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے کے لیے زور دیتا ہے۔

ہم نیوزکے مطابق ترجمان نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے قانونی حق کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا رہے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی الزامات کے باوجود پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو پوری دنیا سراہتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں 2014 سے جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ کارروائیوں کو پلوامہ سے جوڑنا بھارتی پروپیگنڈے کا حصہ ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے پلوامہ حملے کے الزام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ پلوامہ حملہ ایل او سی سے دور ہوا اور اس میں مقامی بارود و گاڑی اسعمال ہوئی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے یاد دلایا کہ اس کے باوجود وزیر اعظم نے تحقیقات میں تعاون کی پیش کش کی لیکن بھارت کی جانب سے دو مرتبہ پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے بعد ڈوزئیر دیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ڈوزئیر کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے جس کا مجوزہ طریقہ کار سے جواب دیا جائے گا۔

ہم نیوز کے مطابق ترجمان نے کہا کہ بھارت نے 26 فروری کو عالمی قوانین کی خلاف وزری کرتے ہوئے بالاکوٹ میں حملے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ 27 فروری کو پاکستان نے اپنے دفاع کا حق استعمال کیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان نے اپنی فضائی حدود سے نان ملٹری اہداف کو نشانہ بنایا اور جان بوجھ کر جانی و مالی نقصان نہیں کیا۔

ترجمان کے مطابق بھارتی طیاروں نے دوسری مرتبہ بھی پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی جس پر پاک فضائیہ نے ان طیاروں کا مار گرایا۔

ترجمان کے مطابق پاکستان نے بھارتی پائلٹ کو گرفتار بھی کیا جسے جذبہ امن کے تحت واپس بھیج دیا گیا۔


متعلقہ خبریں