اسلام آباد: شجر کاری مہم کے دوران درخت کٹاؤ مہم


اسلام آباد: چیئرمین کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد کے دو سیکٹرز میں درختوں کی کٹائی سے متعلق ہم نیوز کی خبر کا نوٹس لے لیا۔ انہوں نے درختوں کی کٹائی کی انکوائری کرنے کے ساتھ ساتھ ٹھیکیدار کی گرفتاری کے بھی احکامات جاری کردیے ہیں۔

چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے ’ہم نیوز‘ کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے درختوں کی کٹائی کا ٹھیکہ 44 ہزار روپے میں دیے جانے کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

سیکٹرز آئی نائن اور ایچ نائن میں درختوں کی کٹائی کا ٹھیکہ ایک ایسے وقت میں دیا گیا ہے جب وزیراعظم کے احکامات پر شجرکاری مہم چلائی جارہی ہے۔

اس ضمن میں یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ درختوں کی کٹائی کا ٹھیکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ڈی جی کے نام سے جاری کیا گیا۔

وفاقی ترقیاتی ادارے کے ترجمان نے اس ضمن میں واضح کیا ہے کہ ڈی جی ماحولیات کو میٹرو پولیٹین کارپوریشن کی جانب سے تعینات کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق درختوں کی کٹائی کی اجازت پلاننگ ونگ کی مشاورت کے بغیر دی گئی۔

سی ڈی اے کے چیئرمین کی جانب سے جاری کردہ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ انفورسمنٹ تمام کٹے ہوئے درختوں کو فوری طور پر اپنے  قبضے میں لے۔

چیئرمین سی ڈی اے کی جانب سے دیے گئے حکمنامے کے تحت ڈائریکٹر سیکیورٹی اور ڈائریکٹر ماسٹر پلان انکوائری کریں گے۔ انکوائری رپورٹ چیئرمین سی ڈی اے کو پیش کی جائے گی۔

ہم نیوز کے مطابق اس ضمن میں سی ڈی اے کے ترجمان نے باقاعدہ وضاحت بھی جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سی ڈی اے نے کسی بھی سیکٹر میں درختوں کی کٹائی کی اجازت نہیں دی ہے۔

اکتوبر 2018 میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے ایک مقدمہ کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے تھے کہ سی ڈی اے میں سب سے زیادہ گڑبڑ ہو رہی ہے۔


متعلقہ خبریں