کولمبیا میں طیارہ گر کر تباہ، 14 افراد ہلاک

کولمبیا میں جہاز گر کر تباہ، 14 افراد ہلاک

فوٹو: نیوز ایجنسی


بوگوتا: کولمبیا میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں 12 افراد ہلاک ہو گئے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق کولمبیا کے صوبے میٹا میں چھوٹا طیارہ گرنے سے 12 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ طیارہ ساز جوز سے ویلا وائسنشیو جا رہا تھا کہ لینڈنگ سے کچھ دیر پہلے گر کر تباہ ہو گیا۔

حکام کے مطابق دو انجنوں والے ڈوگلس ڈی سی تھری طیارے میں 12 مسافر سوار تھے اور حادثے میں کوئی بھی شخص زندہ نہیں بچ سکا۔

کولمبیا کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق جہاز گرنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں تاہم حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ہلاک افراد کی شناخت کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں میکسیکو میں مسافر طیارہ گر کر تباہ، 85 افراد زخمی

حادثے میں کولمبیا کے شہر تارئیرا کی میئر بھی اپنے اہلخانہ سمیت ہلاک ہوئی ہیں جب کہ ہلاک ہونے والوں میں طیارے کا مالک، پائلٹ اور کو پائلٹ بھی شامل ہیں، طیارے میں حادثے کے بعد آگ لگ گئی تھی جس کی وجہ سے لاشیں جل گئی ہیں اور شناخت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ جن لاشوں کی شناخت نہیں ہو سکے گی اُسے ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے شناخت کیا جائے گا۔

سول ڈیفنس ایمرجنسی کے مطابق طیارہ حادثہ انجن فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا، پائلٹ نے طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ کی کوشش کی تھی تاہم وہ کامیاب نہیں ہو سکا۔

اس سے قبل 9 دسمبر 2018 کو سوڈان میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

سوڈان میں ہونے والے طیارہ حادثے میں مرنے والوں میں ایک ریاست کے گورنر اور 3 سیکیورٹی اہلکار بھی شامل تھے جب کہ حادثے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے تھے، طیارے کے حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی تھیں۔

حکام کے مطابق طیارہ سیکیورٹی حکام کو لے کر جا رہا تھا۔

 


متعلقہ خبریں