میکسیکو کے نائٹ کلب میں فائرنگ، 14 افراد ہلاک

فوٹو: فائل


میکسیکو: میکسیکو سٹی کے نائٹ کلب میں مسلح شخص کی فائرنگ سے 14 افراد ہلاک جب کہ 7 زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعہ سلامانکا کے نائٹ کلب میں پیش آیا جہاں مسلح شخص نے ڈانس فلور پر فائرنگ کر دی تھی۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق حملہ آور آدھی رات کو اسلحہ سمیت ٹرکوں پر سوار ہو کر آئے تھے۔ حملہ آور واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گئے تھے۔

سیکیورٹی حکام نے حملے کا الزام مقامی گینگ پر عائد کیا۔

واقعے میں سانتا روزا ڈی لیما نامی گینگ کے ملوث ہونے کے امکانات ظاہر کیے جارہے ہیں کیوں کہ اس علاقے میں اس کا کافی اثر و رسوخ ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے سے چند ہفتے قبل شہر بھر میں یہ بینرز لگائے گئے تھے کہ اگر سیکیورٹی فورسز نے علاقہ خالی نہیں کیا تو معصوم لوگ مارے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں امریکہ میں یہودیوں کی عبادت گاہ پر فائرنگ، 11 افراد ہلاک

مقامی میڈیا کے مطابق سانتا روزا ڈی لیما گینگ کا جھگڑا کافی دنوں سے دوسرے گینگ جیلیسکو سے چل رہا ہے۔ سانتا روزا گینگ کا سربراہ جوز انتونیو نامی شخص ہے جو مفرور ہے اور سیکیورٹی حکام اس کی تلاش میں ہیں۔

گزشتہ سال 28 اکتوبر کو امریکی شہر پٹس برگ کی ایک یہودی عبادت گاہ میں فائرنگ کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ زخمیوں میں سیکیورٹی افسران بھی شامل تھے۔

مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ گرفتار شخص جو ایک بھاری جسامت کا سفید فام آدمی تھا، نے عبادت گاہ میں داخل ہوتے ہی فائرنگ شروع کر دی اور ساتھ ساتھ ’’تمام یہودیوں کو مرجانا چاہیے‘‘ چلاتا رہا۔

عبادت گاہ میں مذہبی تہوار کے حوالے سے تقریب جاری تھی۔

گزشتہ ماہ 16 فروری کو بھی امریکہ کے شہر شکاگو کے قریب مسلح شخص نے ایک کارخانے میں داخل ہو کر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 5 پولیس افسران زخمی ہوگئے تھے۔


متعلقہ خبریں