بھارت میں عام انتخابات کی تاریخ کااعلان


نئی دہلی: بھارتی چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑا نے سات مرحلوں میں ہونے والے عام انتخابات کی تاریخ کااعلان کردیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق بھارتی چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ ملک میں انتخابات کا آغاز 11 اپریل سے ہوگا۔

بھارت میں انتخابات کےپہلے مرحلے کی پولنگ 11 اپریل اور گنتی 23 مئی کو ہوگی۔ دوسرامرحلہ 18 اورتیسرا 23 اپریل کوہوگا۔ بھارتی انتخابات کاچوتھا مرحلہ 29 اپریل اورپانچواں 6 مئی کوہوگا۔

انتخابات میں90 کروڑووٹرز حق رائے دہی کا استعمال کریں گے، جن میں سے8 کروڑ 40 لاکھ ووٹرز پہلی بار ووٹ ڈالیں گے۔

بھارتی چیف الیکشن کمشنر کے مطابق ڈیڑھ کروڑ ووٹرز کی عمریں 18سے19 سال ہیں۔

بھارتی چیف الیکشن کمشنر نے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابات کے انعقاد پرنظر رکھنے کے لیے تین مبصر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ریاستوں میں جہاں گزشتہ سال اسمبلیاں توڑ دی گئی تھیں وہاں عام انتخابات کے ساتھ الیکشن نہیں ہوں گے۔

واضح رہے کہ بھارت میں فروری میں بے روزگاری کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچی ہے جس کا انتخابات میں حکمران جماعت کو نیتجہ بھگتنا پڑ سکتا ہے۔

مبصرین کے مطابق بھارت میں وزیراعظم کی جانب سے ووٹرز کی توجہ حاصل کرنے کے لیے جارحانہ رویہ اپنایا گیا جس سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے امن  مذاکرات کی بار بار پیشکش کے باوجود بھارت کی جانب سے مثبت جواب نہیں دیا گیا، ماہرین کی رائے ہے کہ ایسا بھی حکومت نے ووٹرز کی ناراضی سے بچنے کے لیے کیا ہے۔

انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہونے کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تمام امیدواروں اورسیاسی جماعتوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور لکھا کہ ہمارا تعلق مختلف جماعتوں سے ہوسکتا ہے لیکن ہمارا مقصد بھارت کی ترقی اور ہر بھارتی کو بااختیار بنانا ہے۔

بھارتی وزیراعظم نے اپنی ٹویٹس میں پانچ سالہ کارکردگی کے حوالے سے اپنی حکومت کے کارنامے بھی گنوائے۔


متعلقہ خبریں