اساتذہ کے تبادلوں کیلئے آن لائن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

اساتذہ کے تبادلوں کیلئے آن لائن سسٹم متعارف کرانے کا | ہم نیوز

لاہور: پنجاب حکومت نے اساتذہ کے تبادلوں کیلئے آن لائن پورٹل سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے مطابق کرپشن کے خاتمے اور اساتذہ کی ٹرانسفر میں آسانی کیلئے آن لائن پورٹل سسٹم کا آغاز جلد ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آن لائن پورٹل سسٹم سے اساتذہ کو تبادلہ کروانے کیلئے مختلف دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔

گزشتہ حکومتوں نے بچوں کے داخلے اور حاضری کی ذمہ داری اپنے کندھوں سے اتار کر اساتذہ پر ڈال دی تھی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت شعبہ تعلیم میں اصلاحاتی پروگرام کے تحت گزشتہ حکومتوں کے قواعد تبدیل کر رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بچوں کا داخلہ اور حاضری یقینی بنانا اب اساتذہ کی نہیں بلکہ محکمے اور کمیونٹی کی ذمہ داری ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب: اسکولوں کی خطرناک عمارتوں کیلئے مختص رقم خرچ نہ ہوئی

خیال رہے کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں کروڑوں کی تعداد میں بچے اسکول نہیں جاتے۔

گزشتہ سال جولائی میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں دو کروڑ 28 لاکھ سے زائد بچے تعلیم کے زیور سے محروم ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ صوبہ بلوچستان میں بچوں کے اسکول نہ جانے کا تناسب سب سے زیادہ ہے اور اس کے بعد نمبر قبائلی علاقوں کا ہے۔

بلوچستان میں 70 فیصد، قبائلی علاقوں میں 57 فیصد جبکہ سندھ میں 52 فیصد بچے اسکول نہیں جاتے۔

پنجاب میں 40 فیصد، خیبرپختونخوا میں 34 فیصد، آزاد کشمیر اور گلگت بلستان میں 47 فیصد جبکہ اسلام آباد میں 12 فیصد بچے اسکول نہیں جاتے۔


متعلقہ خبریں