بھارت پاکستان میں گھسنے کی کوشش نہیں کرسکتا، فواد چوہدری



جہلم: وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ گھس کر مارنے کی دھمکی دینے والوں کو بتادیا یہ تمہاری خام خیالی ہے، بھارت کہتا تھا ہم گھس کر ماریں گے، گھس کر دیکھا کیا ہوا۔

جہلم میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ آج کسی کو پاکستان کے اندر گھسنے کی جرات نہیں ہوسکتی۔ آج بھارت کا پوری دنیا میں مذاق اڑایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بھارت کو کہا تھا کہ آپ امن کیلئے ایک قدم بڑھائیں ہم دو بڑھائیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ آج امریکہ کا میڈیا کہہ رہا ہے کہ عمران خان کو امن کا نوبیل انعام ملنا چاہیے، پاکستان کے وزیراعظم کو عزت ملنا ملک کےعوام کوعزت ملنا ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ ن لیگ کے پاس کوئی عوامی ایشو نہیں اس لیے اب نواز شریف کی صحت پرسیاست کررہے ہیں۔ نوازشریف بیمار ہیں، وزیراعظم نے پوچھا کس ڈاکٹر کے پاس جانا ہے۔یہ کیا بات ہوئی کہ ڈاکٹر نہیں بلانا مجھے علاج کیلئے لندن جانا ہے، آپ باہر سے ڈاکٹر بلالیں  ہم اس کے لیے بھی تیار ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ کہتے ہیں نوازشریف کو کچھ ہوا تو ایف آئی آر عمران خان پر کٹے گی، ان کو نوازشریف کی فکر نہیں ان کو اپنے جیل جانے کی فکر ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ یہ حساب ہونا اہم ہے کسی طور حساب سے نہیں بھاگا جاسکتا، اس میں پارٹی کا کوئی تعلق نہیں یہ حساب ہورہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بھی اجلاس ہوتا ہے ایسا لگتا ہے کہ نیب کا بورڈ آف گورنرز بیٹھ گیا ہے۔ اپوزیشن نے اسمبلی میں کبھی عوامی ایشو پر آواز نہیں اٹھائی۔ ہم کہتے ہیں نہ رو، یہ کہتے ہیں این آر او۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اگر ہم نے انہیں ریلیف دیا تو پھر عوام کا ہاتھ اور ہمارا گریبان ہوگا۔ تحریک انصاف کی اپوزیشن سےکوئی لڑائی نہیں یہ عوام کے پیسے کا حساب دیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا، ہم نے عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفر شروع کیا۔ عمران خان کی قیادت میں معیشت ، تعلیم ،صحت کو بھی بہتر کریں گے۔

 


متعلقہ خبریں