اس وقت ہر جانب سے مسائل کا سامنا ہے، شہزاد چوہدری


اسلام آباد:تجزیہ کار شہزاد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کو اس وقت ہر جانب سے مسائل کا سامنا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی لیڈرشپ کو قومی سالمیت پر مل کر معاہدہ کرنا چاہیے باقی ادارے اپنا کام کریں۔ نیب، ایف آئی اے اور عدالتیں اپنی ذمےداریاں ادا کرتے رہیں ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہماری سیاست میں محاورے کی سیاست چل رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’موقع میسرآگیا، پاکستان فائدہ اٹھائے‘

نواز شریف کی صحت کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحت کو سیاست کے ساتھ نہیں ملانا چاہییے کیونکہ صحت بہت اہم چیز ہے۔ اس کو سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہیے۔

 پاکستانی سیاسی قیادت کو متحد ہوجانا چاہیے، جنرل(ر) عبدالقیوم

جنرل(ر) عبدالقیوم نے کہا  کہ موجودہ حالات میں پاکستانی سیاسی قیادت کو متحد ہوجانا چاہیے کیونکہ اس وقت ملک کی خاطر متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں انصاف قائم کرنا سب کی ذمےداری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں استحکام پیدا کرنا ہم سب کی ذمےداری ہے لیکن حکومت اس کے لیے سب سے زیادہ ذمےدار ہے۔

جنرل(ر) عبدالقیوم نے کہا کہ بھارت کے ساتھ ابھی مکمل طور پر معاملات حل نہیں ہوئے ہیں، بھارت کی جانب سے دوبارہ کوئی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ اس صورتحال میں اتحاد کی ضرورت ہے۔

معیشت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو پوری طرح سے معیشت پر توجہ دینی چاہیے۔

بھارت کے معاملے پر اپوزیشن نے بہت اچھا کردار ادا کیا، صداقت علی عباسی

پروگرام میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا کہ بھارت کے معاملے پر اپوزیشن اور حکومت دونوں نے بہت اچھا کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم احتساب کا مینڈیٹ لے کر آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سب جماعتوں کے بیانات سن لیں ہر کسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرپشن ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی کو این آر او نہیں دیں گے تاہم اگر ملکی دفاع کے لیے خارجہ پالیسی پر متحد ہونا ہوگا۔

نواز شریف کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ ہم تو چاہتے ہیں کہ نواز شریف کا درست طریقے سے علاج ہو اور ابھی انہیں اسپتال میں ہونا چاہیے لیکن وہ مان نہیں رہے تو کون ذمےدار ہوا۔

نواز شریف کی صحت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی حسن مرتضیٰ نے کہا کہ سب جماعتوں کو اپنی فکر کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تو صورتحال کے مطابق کام کررہے ہیں۔


متعلقہ خبریں