ابھی نندن کی تصویر استعمال ہونے پربھارتی الیکشن کمیشن برہم


نئی دہلی: بھارتی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے بھارتی پائلٹ کی تصویر کے استعمال پرالیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے انتخابی مہم میں پاکستان کی جانب سے رہا کیے جانے والے پائلٹ ابھی نندن کی تصاویر استعمال کی تھیں جس پر سوشل میڈیا صارفین نے تنقید کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے نوٹس کا مطالبہ کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ بات نوٹس میں آئی ہے کہ سیاسی جماعتوں نے افواج سے متعلقہ افراد کی تصاویر استعمال کی ہیں۔

الیکشن کمیشن نے 2013 کی ہدایات یاد کراتے ہوئے کہا کہ افواج سے وابستہ افراد، ان کی تصویروں کو اپنی سیاسی مقاصد کے استعمال سے گریز کریں۔

2013 میں بھارتی وزرات دفاع نے کچھ سیاسی جماعتوں کے جانب سے افواج سے متعلقہ افراد کی تصاویراستعمال کرنے کی شکایت کی تھی جس پرالیکشن کمیشن نے تمام جماعتوں کو اس معاملے میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی تھی۔

واضح رہے 27 فروری کو پاکستان فضائیہ کی کارروائی کے نیتجے میں بھارتی پائلٹ ابھی نندن کا طیارہ تباہ ہو گیا تھا اور اسے مقامی لوگوں نے گرفتار کرکے پاک فوج کے جوانوں کے حوالے کردیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے ابھی نندن کو جذبہ خیرسگالی کے تحت رہا کردیا تھا جس کا بھارت پہنچنے پر انتہائی بے دلی سے استقبال کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں