مبینہ جعلی بنک اکائونٹس کیس، مقدمہ منتقلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

نیب نے کراچی سے مزید دو افراد کو گرفتار کرلیا

فوٹو: فائل


کراچی :مبینہ جعلی بنک اکائونٹس  کیس میں بینکنگ کورٹ نے مقدمہ منتقلی کی درخواست پر فیصلہ پندرہ مارچ تک محفوظ کرلیا۔

آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت ملزموں کی عبوری ضمانت میں بھی آئندہ سماعت تک توسیع کردی گئی۔آصف علی زرداری کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ سپریم کورٹ نے ایسا کوئی حکم نہیں دیاکہ مقدمہ کراچی سے اسلام آباد منتقل کردیا جائے۔ فاروق ایچ نائک نے اپنے دلائل میں کہا کہ بنکنگ کورٹ پر دبائو ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
نیب پراسیکیوٹر نےجوابی دلائل میں  کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر سولہ ریفرنس بنائے جارہے ہیں۔۔ لہذا کیس منتقل کرنے کا حکم دیا جائے
بنکنگ کورٹ میں مبینہ جعلی بنک اکائونٹس کیس کی سماعت شروع ہوئی تو فاروق ایچ نائک نے آصف زرداری کی جانب سے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کردی۔

فاروق ایچ نائک  کا کہنا تھاکہ  خرابی صحت کی وجہ سے آصف علی زرداری  عدالت نہیں آسکتے۔فریال تالپور عدالت پہنچ گئیں۔ آصف زرداری اور فریال تالپور کے وکیل فاروق نائیک نے مقدمے کی اسلام آباد منتقلی کی درخواست پر دلائل دیئے۔

آصف زرداری اور فریال تالپور کے وکیل کا کہنا تھا سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں مقدمہ منتقل کرنے کی ہدایت نہیں کی۔ اس حوالے سے نیب کا دعوی غلط ہے۔

سپریم کورٹ کی طرف سے تمام ہدایات جے آئی ٹی رپورٹ کے حوالے سے دی گئی ہیں۔ نیب کو تحقیقات آگے بڑھانے کا کہا گیا تھا۔ مزید تحقیقات کے لئے دیا گیا ، دو ماہ کا وقت بھی ختم ہوگیاہے ۔ سپریم کورٹ کے حکم کی آڑ میں بنکنگ کورٹ پر دبائو ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

فاروق ایچ نائک نے کہا یہ کرپشن یا عوام سے فراڈ کا کیس نہیں ہے۔ اس طرح یہ نیب کا کیس بنتا ہی نہیں ہے۔ اس عدالت کو کیس اسلام آباد منتقل کرنے کا حکم دینے کا اختیار نہیں ہے۔

حسین لوائی کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ کیس ایک سے دوسرے صوبے منتقلی کا اختیار صرف سپریم کورٹ کو ہے۔کیس کا چالان فراڈ اور دھوکہ دہی کے الزامات کے تحت جمع کرادیا گیا ہے۔ کیس منتقلی کی درخواست بد نیتی پر مبنی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:منی لانڈرنگ کیس، آصف زرداری، فریال تالپور کی ضمانت میں توسیع

نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر چیرمین نیب نے مقدمہ نیب کورٹ اسلام آباد منتقل کرنے کی منظوری دی۔ سپریم کورٹ کے حکم پر سولہ ریفرنس بنائے جارہےہین لہذا کیس منتقل کرنے کا حکم دیا جائے ۔ سماعت کے موقع پر گرفتار ملزموں عبدالغنی مجید،حسین لوائی،طحہ رضا کو عدالت لایا گیا۔ نمر مجید،ذوالقرنین مجید،علی کمال مجید بھی موجود تھے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ  مبینہ جعلی بنک اکاونٹس کیس میں کراچی سے مزید دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ نیب نے رات گئے جبار میمن اور شبیر بمباٹ نامی افراد  کو گرفتار کیا ہے۔ دونوں ملزمان پر اربوں روپے کی اراضی غیر قانونی طریقے سے الاٹ کرنے کا الزام ہے۔ ملزمان نے قومی خزانے کو اٹھ ارب روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔ دونوں ملزمان کو آج رات اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں