محکمہ ہائر ایجوکیشن آزاد کشمیر کی ویب سائٹ بحال


اسلام آباد: محکمہ ہائر ایجوکیشن آزاد کشمیر کی ویب سائٹ بحال ہوگئی ہے ۔ بھارتی ہیکرز نے محکمہ ہائر ایجوکیشن آزاد کشمیر کی ویب سائٹ ہیک کرلی تھی۔

آزاد کشمیر کے محکمہ ہائر ایجوکیشن کی ویب سائٹ پر بھارتی ہیکرز نے بھگت سنگھ کی تصویر اور پیغام لگا دیاتھا۔تاہم چند گھنٹوں بعد ہائر ایجوکیشن کمیشن آزاد کشمیر کی ویب سائٹ بحال کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے مختلف ادارے بھارتی ہیکرز کی زد میں ہیں اور بھارتی ہیکرز کی جانب سے مختلف اداروں کی ویب سائٹس ہیک کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

اس سے قبل 16 فروری کو بھارتی ہیکرز نے وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر بھی حملہ کیا تھا اور پاکستانی دفتر خارجہ کو کئی ممالک سے ویب سائٹ اوپن نہ ہونے کی شکایات موصول ہوئیں۔

دفتر خارجہ کی ویب سائٹ ہیک ہونے کے فوری بعد ہی پاکستان حکام نے ویب سائٹ دوبارہ بحال کر دی تھی۔ ویب سائٹ پر وزیر اعظم عمران خان کا پروفائل اڑا دیا گیا تھا۔

بھارتی ہیکرز کی جانب سے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس، پلوامہ حملہ اور سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے مواقعوں پر پے درپے حملے کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج پرحملے کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف محاذ کھول کررکھا ہے اور حملے کو پاکستان سے جوڑنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

یہ بھی پڑھیں الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سائبر حملوں کی زد میں

بھارت کے سیکیورٹی اور سفارتی حلقے پاکستان پر اس الزام کو مسترد کرچکے ہیں اور انہوں نے اسے بھارت کے سیکیورٹی اداروں کی ناکامی قرار دیتے ہوئے اسے عالمی سطح پر نہ اٹھانے کا مشورہ دیا تھا۔

اس سے قبل پاکستان نے بھارت پر یہ واضح کیا تھا کہ بھارت نے دھماکے کی تحقیقات بھی نہیں کیں اور پاکستان پرالزام لگادیا۔ جیش محمد کالعدم جماعت ہے اور پاکستان کا اس سے کسی بھی قسم کا کوئی تعلق نہیں۔ اگرکوئی شواہد ہیں توفراہم کیے جائیں پاکستان ان کی تحقیقات کرے گا۔

28 فروری کو پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پر پاکستانی طیاروں نے دو بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے تھے جس کے بعد بھارت کی پے در پے ناکامیوں کی وجہ سے بھارتی ہیکرز ایک بار پھر فعال ہو گئے تھے تاہم انہیں اس میدان میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔


متعلقہ خبریں