پی کے ایل آئی میں جگر کی پہلی ٹرانسپلانٹ سرجری کامیاب

پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ میں جگر کی پہلی ٹرانسپلانٹ سرجری کامیاب

فوٹو: ہم نیوز


لاہور: پاکستان کے سرکاری اسپتال میں جگر کی پہلی ٹرانسپلانٹ سرجری کامیابی سے مکمل ہوگئی ہے۔ جگر کی سرجری پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ میں کی گئی۔

رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے 31سالہ مریض محمد ندیم کو اس کی 19سالہ بھانجی نے جگر عطیہ کیا۔ ندیم ایک تین سالہ بچی کا باپ ہے اور بیمار ہونے سے قبل موبائل ریپیئرنگ کا کام کرتا تھا۔

پاکستان کڈنی اینڈ لیورانسٹیٹیوٹ(پی کے ایل آئی) کے ترجمان نے بتایا ہے کہ  دونوں مریضوں کی صحت تسلی بخش ہے اور وہ تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ  اعلیٰ تعلیم یافتہ ماہرین سرجنز اور فزیشنز کی ٹیم نے یہ کامیاب سرجری کی اور علاج کا خرچہ بھی پی کے ایل آئی نے اٹھایا۔ سرجن ڈاکٹر فیصل سعود ڈارکی سربراہی میں 3رکنی ٹیم نے سرجری کی۔ آپریشن ساڑھے 12 گھنٹے جاری رہا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ ڈاکٹر سعید اختر، ڈاکٹر فیصل، سابق صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان اور تمام متعلقہ افراد کو مبارک ہو۔ یہ سہولت ایسے تمام مریضوں کیلئے مفت ہوگی جو علاج کی استطاعت نہیں رکھتے۔


متعلقہ خبریں