بھارتی نژاد کرکٹر سمت پٹیل پاکستان کی مہمان نوازی کے معترف


بھارتی نژاد برطانوی کھلاڑی اور پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائٹیڈ کی نمائندگی کرنے والے سمت پٹیل نے کہا ہے کہ  پاکستان میں میچز کھیلنے کا تجربہ کافی خوشگوار رہا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کی ویب سائٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کھیلنے کا تجربہ بہترین رہا، یہاں لوگ کرکٹ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں جس کا اظہار دیکھا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستان خاص طور پر لاہور کے بارے  میں بہت سی اچھی اور حیران کن باتیں سنی ہیں لیکن اب تک لاہور جانے کا اتفاق نہیں ہو سکا۔ اسمتھ پٹیل نے کہا کہ پاکستان کے لوگ بہت ملنسار اور مہمان نواز ہیں، بھارتی ہونے کے باوجود پاکستان کے دورہ سے بہت سی مثبت چیزوں سے آشنا ہوا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا ئے کرکٹ کی تمام لیگز میں پاکستان سپر لیگ کا شمار پائے کی لیگز میں ہوتا ہے، خاص طور پر اس میں رکھا گیا باؤلنگ اسٹینڈرڈ  کسی بھی دوسری لیگ میں دیکھنے کو نہیں ملتا۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا کرکٹ کے کرئیر کا سفر لیگز کی وجہ سے جاری ہے، میں کرکٹ سے بے پناہ محبت کرتا ہو ں اور ایسے ایونٹس میں مجھے ہر ملک کے تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں سے ملنے اور ان کے ساتھ کھیلنے کا بھی موقع ملتا ہے۔

اسلام آباد یونائٹیڈ سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یونائٹیڈ کے ساتھ کھیلنے کا تجربہ بہترین رہا ہے اور ٹیم میری فیملی کی طرح ہے جس کا شمار دنیا کی سب سے بہترین فرنچائزوں میں ہوتا ہے۔

واضح رہے اسمتھ پٹیل اسلام آباد یونائٹیڈ کے تجربہ کار کھلاڑی ہیں جنہوں نے پی ایس ایل تھری کے فائنل میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔


تازہ ترین

پوائنٹس ٹیبل
ٹیم میچز پوائنٹس
کراچی کنگز 5 6
پشاور زلمی 5 6
اسلام آباد یونائیٹڈ 4 6
لاہور قلندرز 4 6
ملتان سلطانز 4 2
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 5 2