پاکستان کا بھارت کو جواب اپنے دفاع میں تھا،شاہ محمود

پاکستان کا بھارت کو جواب اپنے دفاع میں تھا،شاہ محمود

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر ایمبیسڈر جان بولٹن سےٹیلیفونک رابطہ


اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کا بھارت کو جواب اپنے دفاع میں تھا۔

انہوں نے امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر ایمبیسڈر جان بولٹن سےٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو پاکستان کا جواب حق حفاظت خود اختیاری کے تحت اپنے دفاع میں تھا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پلوامہ واقعہ کے بعد خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہندوستان کی طرف سے 26 فروری کو کی جانے والی در اندازی ناصرف پاکستان کی حدود کی خلاف ورزی تھی بلکہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی بھی منافی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کسی بھی صورتحال میں عوامی رائے اہم ہوتی ہے، شاہ محمود

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و امان کا خواہاں ہے اس لیے وزیر اعظم عمران خان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت انڈین پائلٹ کو ہندوستان واپس بھجوایا۔ پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود مشاورت مکمل کرنے کے بعد ہندوستان واپس پہنچ چکے ہیں جبکہ ہم 14 مارچ کو کرتارپور راہداری معاہدہ پر گفت و شنید کیلئے ایک سرکاری وفد ہندوستان بھجوا رہے ہیں۔

ایمبیسڈر جان بولٹن نے بتایا کہ سیکرٹری آف اسٹیٹ پومپیو شمالی کوریا کی قیادت کے ساتھ انتہائی اہم مذاکرات میں مصروفیت کے باوجود پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدہ صورتحال کے سبب دونوں ممالک کی قیادت کے ساتھ رابطے میں رہے تاکہ کشیدگی میں اضافہ نہ ہو۔

ایمبیسڈر جان بولٹن نے خطے میں امن و امان کے حوالے سے پاکستان کی طرف سے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ہندوستان میں حالیہ الیکشن کے باعث ہندوستان کی طرف سے جارحانہ عزائم کے ممکنہ خدشات سے بھی آگاہ کیا جس سے ایمبیسڈر بولٹن نے اتفاق کیا۔

ایمبیسڈر جان بولٹن نے افغان امن عمل میں پاکستان کے موثر کردار کی تعریف کی دونوں رہنماؤں نے اس سلسلے میں مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔


متعلقہ خبریں