ڈیرن سیمی کی مزار قائد پر حاضری، ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ


پاک فوج  کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹرجنرل (ڈی جی آئی ایس پی آر) میجر جنرل آصف غفورنے پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کے نام ٹویٹ میں انہیں ایک بار پھر پاکستان میں خوش آمدید کہا ہے۔

میجر جنر ل آصف غفور نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے پر ڈیرن سیمی کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔

واضح رہے پشاورزلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کل قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پرحاضری دی اور ان کے پیغام کو سراہا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ڈیرن سیمی نے اس متعلق لکھا کہ بانی پاکستان کے مزار پر حاضری ان کے لیے اعزاز ہے، قائد کا ایمان، اتحاد اور تنظیم کا پیغام دنیا  ایک بہترجگہ بنا سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ وہ قائداعظم سے بے انتہا متاثر ہیں۔

پشاورزلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے مزار قائد پر حاضری کے موقع پر پاکستان کا قومی لباس شلوار قمیض زیب تن کررکھا تھا، انہوں نے قائداعظم کے مقبرے پر پاکستان کا قومی پرچم بھی لہرایا۔

پشاور زلمی نے بھی اس متعلق ٹویٹ کیا اور لکھا کہ ڈیرن سیمی نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی  اور ان کے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے پیغام کو سراہتے ہوئے عظیم لیڈر کی تعریف کی۔

اس موقع پرچیئرمین پشاورزلمی جاوید آفریدی بھی موجود تھے، انہوں نے بھی سوشل میڈیا پر پیغام دیا کہ مزار قائد پر جب بھی حاضری دیتا ہوں، بے اختیار قائد کی تاریخی اور لازوال قربانیوں پر زبان و دل اس عظیم انسان کا شکریہ ادا کئے بغیر نہیں رہ سکتے جس نے ہمیں پاکستان کی شکل میں ایک خوبصورت پہچان دی۔

ڈیرن سیمی اور جاوید آفریدی نے قائداعظم میوزیم کا بھی دورہ کیا تھا اور ان کے زیراستعمال رہنے والی مختلف اشیاء دیکھیں تھیں۔

مزید برآں آج پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے وزیراعظم عمران خان کے دس بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کے اعلان کی تعریف کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے ایک پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی اورڈیرن سیمی کی جانب سے میں وزیراعظم کے کلین اینڈ گرین منصوبے میں اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کراتا ہوں اور تمام لوگوں سے اس کار خیر میں شرکت کرنے کی اپیل بھی کرتا ہوں۔

انہوں اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا شکریہ بھی ادا کیا۔


متعلقہ خبریں