نوازشریف کی عیادت، مریم کا بلاول کے لئے شکریہ کا ٹوئٹ


پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول نے آج مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی جیل میں عیادت کی جس پر مریم نواز نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے ایک پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو ایک وسیع سوچ کے حامل شخصیت ہیں، نوازشریف کی عیادت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں،ان کی یہ ملاقات ہمارے لئے بہت اہمیت رکھتی ہے۔مریم نواز نے بلاول بھٹو کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔

مریم نواز کی ٹوئٹ کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ کے والد کی صحتیابی کے لئے دعا گو ہوں۔

انہوں نے کہا کہ امید کرتا ہوں کہ ہم انسانیت اور مہذب رویے کی روائتوں کو برقرار رکھیں گے، کیونکہ ہم انسان پہلے ،سیاستدان بعد میں ہیں۔

واضح رہے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے آج نوازشریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی ملاقات کےدوران نواز شریف نے بتایا کہ انھیں اسپتال میں بلڈ پریشراوربلڈ ٹیسٹ کے بعد واپس جیل بھیج دیاجاتا ہےمگر کوئی علاج کی طرف نہیں آتا۔  انھوں نے آئین کی شق باسٹھ تریسٹھ ختم کرانےمیں پیپلزپارٹی کی پیشکش ٹھکرانےکو اپنی غلطی بھی تسلیم کیا۔

ملاقات کے بعد بلاول بھٹو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف ملک کے تین بار وزیراعظم رہے ہیں، نوازشریف صحت کے حوالے سے جو بھی سہولت مانگتے ہیں وہ انہیں  دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ لوگ نواز شریف کےخلاف سازش کررہے ہیں، دل کے مریض پر دباو رکھنا تشدد کے مترادف ہے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے بتایا کہ آج کی ملاقات کا اہم مقصد سابق وزیراعظم کی عیادت کرنا تھا، نوازشریف بیمار ضرور ہیں لیکن اپنے نظریے پر قائم ہیں۔

میثاق جمہوریت کے سوال پر بلاول بھٹو نے جواب دیا کہ میثاق جمہوریت پر عمل درآمد نہ کرنا مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی ناکامی ہے، میں صرف نوازشریف کی عیادت کرنے آیا تھا، پارلیمنٹ سے باہر کسی بڑے سیاسی اتحاد پر بات کرنا قبل ازوقت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جب میثاق جمہوریت ہوا تو ن لیگ اور پی پی پی نے ماضی کی غلطیاں معاف کردی تھیں۔


متعلقہ خبریں