پاکستان اور ایف اے ٹی ایف کے مذاکرات کا شیڈول طے پا گیا

پاکستان کی کوششیں رنگ لے آئیں: فیٹف کے دیئے گئے اہداف مکمل

اسلام آباد: پاکستان اور ایف اے ٹی ایف ایشیا پیسیفک گروپ کے مذاکرات کا شیڈول طے پا گیا۔

ہم نیوز نے ذمہ دار ذرائع سے بتایا ہے کہ پاکستان اورایشیا پیسفک گروپ کے مابین مذاکرات 26 سے28 مارچ کے دوران اسلام آباد میں ہوں گے۔

ایشیا پیسفک گروپ کا نو رکنی وفد پاکستان سے مذاکرات کرے گا۔ وفد کی قیادت ایشیا پیسفک گروپ کے ایگزیکٹو سیکرٹری گارڈن ہک کریں گے۔

ایشیا پیسفک گروپ کا وفد وفاقی وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ایف ایم یو حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔ وفد کی ایف آئی اے، ایس ای سی پی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی ملاقات ہوگی۔

ذرائع کے مطابق بات چیت کے دوران منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے انتظامی و قانونی اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور ایشیا پیسفک گروپ کے درمیان منعقدہ اجلاس میں دوسری باہمی جائزہ رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔

ہم نیوز کو انتہائی ذمہ دار نے یہ بھی بتایا ہے کہ پاکستان کے پاس ایشیا پیسفک گروپ کو قائل کرنے کا یہ آخری موقع ہوسکتا ہے۔ پاکستان نے پہلی رپورٹ میں مجموعی ریٹنگ میں بہتری کی سفارش کی تھی۔

ذرائع کے مطابق ایشیا پیسفک گروپ نے پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری نہیں کی تھی۔ پاکستان نے پہلی جائزہ رپورٹ پر 22 جنوری 2019کو جواب دیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان کو دوسری جائزہ رپورٹ 27 فروری 2019 کو موصول ہوئی۔

ملک میں بے نامی ٹرانزیکشن کی روک تھام کا ایکٹ نافذ العمل ہو گیا ہے۔ اس ضمن میں قوانین کا نوٹی فکیشن بھی جاری ہو گیا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق بے نامی جائیداد ضبط اور فروخت بھی کی جا سکے گی۔ جائیداد کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم قومی خزانے میں جمع ہوگی۔

ہم نیوز نے ایف بی آر کے حوالے سے بتایا ہے کہ بے نامی جائیداد کی نشاندہی کرنے والے کو انعام ملے گا۔ اس ضمن میں ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ 50 لاکھ سے زیادہ کی بے نامی پراپرٹی پردو لاکھ 20 ہزارروپے انعام دیا جائے گا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حوالے سے ہم نیوز نے بتایا ہے کہ بے نامی جائیداد کی نشاندہی کرنے والے کو پراپرٹی کی مالیت کا تین فیصد اضافی بھی ملے گا۔

ہم نیوز کے مطابق زمین اور زیورات سمیت قیمتی بے نامی جائیداد ضبط کی جائے گی۔ ایف بی آر حکام کے مطابق 20 لاکھ روپے مالیت تک کی پراپرٹی پرپانچ فیصد صلہ ملے گا۔

ایف بی آر حکام کے مطابق 50 لاکھ روپے مالیت کی پراپرٹی پرایک لاکھ روپے اورچار فیصد اضافی انعام ملے گا۔

ہم نیوز کے مطابق بے نامی ٹرانزیکشن سے متعلق مقدمات کی اپیلوں کے لیے فیڈرل اپلیٹ ٹریبونل قائم ہوگا۔


متعلقہ خبریں