ڈیم فنڈز کا عطیہ 10 ارب تک پہنچنے پر عمران خان کا قوم کو خراج تحسین

فوٹو: فائل


اسلام آباد:سپریم کورٹ کے دیا میربھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ کی رقم دس ارب روپے ہو گئی ہے۔ فنڈ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے چھ جولائی 2018 میں قائم کیا تھا۔

ہم نیوز کے ڈپٹی بیوروچیف سرفراز راجا کی خبر کے مطابق جسٹس ثاقب نثار کی ریٹائر منٹ کے بعد فنڈ میں صرف 74 کروڑ روپے جمع ہوسکے۔ جسٹس ثاقب نثار کی ریٹائرمنٹ سے قبل فنڈ میں اوسطا سوا ارب روپے ماہانہ جمع ہوئے۔جسٹس ثاقب نثار کی ریٹارمنٹ کے بعد ماہانہ فنڈنگ کم ہوکر 37 کروڑ رہ گئی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے ڈیم فنڈز کا عطیہ 10 ارب روپے تک پہنچنے پر قوم کو خراج تحسین پیش کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو خراج تحسن پیش کیا۔


پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ڈیم فنڈز میں عطیات کا ذخیرہ 10 ارب تک پہنچ گیا ہے۔ ڈیم فنڈز میں دل کھول کر حصہ ڈالنے پر پاکستانی قوم زبردست تحسین کی مستحق ہے۔

انہوں نے سپریم کورٹ اور وزیر اعظم عمران خان کو خصوصی شاباش کا مستحق قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا میں خیرات کرنے والی اقوام میں سرفہرست ہے اور میں اپنے لوگوں کے عزم صمیم کو خصوصی سلام عقیدت پیش کرتا ہوں۔

ہمارے قومی جذبے کو کوئی شکست نہیں دے سکتا، سینیٹر فیصل جاوید

گزشتہ سال جولائی میں ڈیم فنڈز کی تعمیر کے لیے رقم جمع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اور سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے پاکستانی عوام سے مہمند اور بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے عطیات کی اپیل کی تھی۔ جس کے لیے ڈیم فنڈز اکاؤنٹ بھی بنایا گیا۔

سابق چیف جسٹس کے اعلان کے بعد ایک ماہ میں ہی 30 کروڑ روپے سے زائد کی رقم جمع ہو گئی تھی۔ اوورسیز پاکستانیوں نے بھی عطیات جمع کرنے کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سابق چیف جسٹس کے دیامیربھاشا اور مہمند ڈیم منصوبوں پر فنڈز اکھٹا کرنے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے پاک فوج کی جانب سے ایک ارب 59 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا تھا جب کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اپنی ایک سال کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیں ڈیم نہ بنا تو لوگوں کے ساتھ خود احتجاج کروں گا، چیف جسٹس

سابق چیف جسٹس نے ڈیمز کی تعمیر کے لیے فنڈز قائم کرنے کے بعد اپنی ذاتی جیب  سے دس لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا جب کہ میئر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر شخصیات نے بھی فنڈز جمع کرانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ شیخ رشید نے پاکستان ریلوے کی جانب سے 6 کروڑ روپے کے عطیات دیے۔

کوئٹہ کے نو سالہ علی شیر نے تو بازی ہی مار لی اور اپنی سائیکل اور کھلونوں کے لیے جمع کیے گئے 10 ہزار روپے فنڈز میں جمع کرائے جب کہبرطانیہ کے پارلیمانی افسران اور اسکالرز پرمشتمل وفد نے بھی سابق چیف جسٹس سے ملاقات کی اور ڈیم فنڈز میں عطیات جمع کرائے تھے۔

سابق چیف جسٹس نے دعویٰ کیا تھا کہ جنوری 2019 میں ڈیمز کی تعمیر کا کام شروع ہو جائے گا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کے لیے پاکستانی عوام ملک بھر کی 16 ہزار بینک برانچوں میں اپنے عطیات جمع کرا سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں