سی ویو پر آئے میاں بیوی پر پولیس کا تشدد، 2پولیس اہلکار نوکری سے فارغ



کراچی: کراچی میں پولیس اہلکاروں نے سی ویو پر تفریح کے لیے آئے جوڑے کو رشوت نہ دینے پر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ آئی جی سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے چاروں پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا۔

کراچی پولیس چیف امیرشیخ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئےملوث اہلکاروں  اے ایس آئی ذوالفقار اور اہلکار احمد خان کو نوکری سے برطرف کر دیا۔

قانون کے رکھوالے خود ہی قانون کی دھجیاں اڑانے لگے۔ شہر قائد میں شادی شدہ جوڑے کو تفریح مہنگی پڑ گئی۔ کراچی کے پر رونق ساحل سی ویو پر پولیس اہلکاروں نے تفریح کے لیے آئے جوڑے سے رشوت طلب کی اور نہ دینے پر قانون حرکت میں آ گیا۔

پولیس اہلکاروں نے نہ صرف میاں بیوی کو تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ اخلاقیات کی حدیں بھی عبور کرتے ہوئے دونوں میاں بیوی کو نازیبا کلمات کہے۔

پولیس اہلکاروں کے  رویے پر جب متاثرہ خاتون نے موبائل فون سے ویڈیو بنانے کی کوشش کی تو پولیس اہلکار آپے سے باہر ہو گئے اور دونوں میاں بیوی کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

موقع پر موجود شہریوں نے پولیس اہلکاروں کے چنگل سے میاں بیوی کو نکالا۔

یہ بھی پڑھیں کراچی: شہری پر تشدد کرنے والا اہلکار معطل

پولیس اہلکاروں کے ناروا سلوک کی خبر جب میڈیا کی زینت بنی تو افسران بالا کو ہوش آ گیا اور بدتمیزی کرنے والے پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے لیا۔

آئی جی سندھ سید کلیم امام نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اے ایس آئی سمیت چاروں اہلکاروں کو معطل کر دیا۔

کراچی پولیس چیف امیرشیخ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اے ایس آئی ذوالفقار اور اہلکار احمد خان کو نوکری سے برطرف کر دیا۔

اے ایس پی کراچی سوہائے عزیز نے ہم نیوز کو بتایا کہ واقعہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد تین اہلکاروں کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے جب کہ ایک فرار ہے۔

سی ویو واقعہ کے خلاف شہریوں نے بھی پولیس اہلکاروں کو آڑھے ہاتھوں لیا اور پولیس کو کرپٹ قرار دیا۔


کراچی میں اس سے قبل بھی پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہریوں پر تشدد اور حبس بیجا میں رکھنے کے واقعات سامنے آچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں