خطے میں امن کے لیے کشمیر کا حل ناگزیر ہے، تہمینہ جنجوعہ

خطے میں امن کے لیے کشمیر کا حل ناگزیر ہے، تہمینہ جنجوعہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان کی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو ذمہ داری کے ساتھ جواب دیا۔ خطے کے امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔

اسلام آباد میں مستقبل کے امکانات اور علاقائی رابطوں پر ایس سی او عالمی کانفرنس منعقد کی گئی جس میں ایس سی او رکن ممالک کے مندوبین نے شرکت کی۔

اس موقع پر سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن کا داعی ہے اور امن و استحکام سے ہی خطے کی ترقی اور خوشحالی ممکن ہے جب کہ پلوامہ اور اس کے بعد رونما ہونے والے واقعات میں پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے عزم، تحمل اور ذمہ داری کے ساتھ بھارت کو جواب دیا ہے اور پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان دوست ملکوں کے ساتھ رابطے میں رہا جب کہ کشیدگی میں کمی لانے پر عالمی برادری کے شکر گزار ہیں۔

سیکرٹری خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ کرتار پور، سمجھوتہ ایکسپریس اور ہائی کمشنر کی واپسی کے ہمارے اقدامات امن کے لیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں پاک بھارت کشیدگی میں پاکستان کا کردار مثبت رہا، مرکنڈے کاٹجو

مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے کے امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے جب کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مذاکرات سے مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے۔

افغانستان سے متعلق اُن کا کہنا تھا کہ افغانوں نے اپنے مستقبل کا تعین خود کرنا ہے اور افغانوں کے درمیان مذاکرات سے ہی دیرپا امن قائم ہو گا جب کہ افغان امن مذاکراتی عمل میں پاکستان کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

پاک بھارت کشیدگی کے موقع پر سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا تھا کہ پاکستان پر بھارتی الزامات خطے کے امن کے مفاد میں نہیں ہیں اور بھارت کی جانب سے سوشل میڈیا پر متضاد مواد کو جواز بنانا حقائق کے برخلاف ہے۔


متعلقہ خبریں