او آئی سی، پاکستان ڈپٹی چیئرمین منتخب

او آئی سی، پاکستان ڈپٹی چیئرمین منتخب

فوٹو: انٹرنیشنل میڈیا


رباط: پاکستان نے اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) میں پارلیمانی یونین کی جنرل باڈی میں ڈپٹی چیئرمین کی نشست حاصل کر لی۔

پاکستان نے ڈپٹی چیئرمین کی نشست میں کامیابی کے بعد پاکستان میں خواتین کی نمائندہ اور رکن قومی اسمبلی نورین فاروق کو آٹھویں ویمن پارلیمنٹیرین کانفرنس میں نائب صدر منتخب کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مراکش کے شہر رباط میں جاری چار روزہ کانفرنس کے پہلے روز پاکستان اسلام تعاون تنظیم کی پارلیمانی یونین کی جنرل باڈی کا ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوا۔ کانفرنس میں پاکستان کے 4 رکنی وفد کی قیادت کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام کر رہے ہیں جب کہ دیگر اراکین میں احسن اقبال، قاسم نون اور نورین فاروق شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کی پارلیمانی یونین تنظیم کے رکن ممالک کی پارلیمنٹس پر مشتمل ہوتی ہے، اس کا قیام 1999 میں ایران میں عمل میں آیا تھا جب اس کا صدر دفتر تہران میں واقع تھا۔

یہ بھی پڑھیں ممبر ممالک ایک دوسرے کی آزادی کا احترام کریں گے، او آئی سی 

اس کانفرنس میں پاکستان کا وفد بھیجنے کا اصل مقصد دنیا کے سامنے کشمیر کے مسئلے کو مؤثر طریقے سے اجاگر کرنا تھا۔

مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم اور غیر انسانی سلوک پر اسلامی تعاون تنظیم کی پارلیمانی یونین میں پاکستان کی جانب سے جمع کرائی گئی 2 قراردادوں کو بھی منظور کرلیا گیا۔

اس سے قبل او آئی سی کی جانب سے جموں و کشمیر کو پاک بھارت بنیادی تنازع قرار دینے پر بھارتی اپوزیشن نے وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت کو آڑھے ہاتھوں لیا تھا۔

او آئی سی نے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں نہ صرف جموں کشمیر کو دونوں ممالک کے درمیان بنیادی تنازع قرار دیا بلکہ مقبوضہ کشمیر میں تشدد کی مذمت بھی کی تھی۔

واضح رہے کہ بھارت او آئی سی کے گزشتہ اجلاس میں ’گیسٹ آف آنر‘ کے طور پر شریک تھا، اس پیشرفت پر بی جے پی حکومت اپنے ہی ملک میں تنقید کی زد میں آ گئی۔


متعلقہ خبریں