لیپ ٹاپ اسکیم، پنجاب حکومت کی شہباز شریف کو کلین چٹ

عوام، تاجر اور سیاستدان ملکی معیشت بچانے کے لیے تیار ہوجائیں، شہباز شریف

لاہور: پنجاب حکومت نے سابق وزیراعلی شہباز شریف کو کلین چٹ دے دی۔ لیپ ٹاپ اسکیم میں کروڑوں روپے کی خردبرد کا کوئی ثبوت نہ مل سکا۔ تمام الزامات بےبنیاد قراردے دئیے گئے ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں اعتراف کیا گیا ہے کہ لیپ ٹاپ اسکیم میں کسی سیاستدان یابیوروکریٹ کی بدعنوانی سامنے نہیں آئی۔ لیپ ٹاپس کی تقسیم پنجاب پروکیورمنٹ رولزدوہزار چودہ کےتحت کی گئی جس میں سب سے کم بولی دینےوالی فرم کومنتخب کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: لیپ ٹاپ اسکیم میں کی گئی مبینہ کرپشن کے آڈٹ کا اعلان

محکمہ ہائیرایجوکیشن رپورٹ میں اعتراف کیاگیا ہے کہ ہزاروں لیپ ٹاپ غائب ہونےکاالزام درست نہیں۔ نیب لاہورنےمارچ دوہزار اٹھارہ میں انکوائری شروع کی تھی مگر اسے ابھی تک کسی ایک فرد کی بدعنوانی کا ثبوت بھی نہیں ملا۔

رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ شہباز حکومت نےدوہزار بارہ سے سترہ تک 4 لاکھ 14 ہزار 848 لیپ ٹاپ میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کیے۔ دوہزار گیارہ بارہ میں ایک لاکھ 10 ہزار لیپ ٹاپ خریدے گئے جن پر 4 ہزار 197 ملین رقم روپےخرچ ہوئے۔

پنجاب اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف ادوار میں مجموعی طورپرخریدے گئے تمام لیپ ٹاپس میرٹ پر آنے والے طلبا میں تقسیم کیے گئے ہیں ۔لیپ ٹاپ خریدنےیا تقسیم کرنے میں کسی شخص یاادارے نےبدعنوانی نہیں کی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان ڈار کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کا چیئرمین تعینات  کیا گیا تو انہوں نے سابق دور حکومت میں لیپ ٹاپ اسکیم میں کی گئی مبینہ کرپشن کے آڈٹ کا اعلان بھی کردیاتھا۔

عثمان ڈار نے عہدہ سنبھالتے ہی ایک بیان جاری کیا تھا جس میں انکا کہنا تھا کہ  ن لیگ کے سابق دور حکومت میں لیپ ٹاپ اسکیم میں کی گئی مبینہ کرپشن کا آڈٹ کرایا جائیگا۔ انہوں نے کہا تھا کہ سابق حکومت میں لیپ ٹاپ مہنگے داموں خرید کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیاہے۔


متعلقہ خبریں