پاکستان کا طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ


پاک فضائیہ نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ملکی ساختہ میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے جسے جے ایف 17 تھنڈر ملٹی رول لڑاکا طیارے سے فائر کیا گیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق جے ایف 17 تھنڈر کو طویل فاصلےکے اہداف کو درست نشانہ بنانے کی صلاحیت حاصل ہوگئی۔

ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کو عظیم کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی۔

ایئر چیف کا کہنا تھا کہ دشمن نے جارحیت مسلط کی تو  بھر پور جواب دیں گے، تجربہ قابل فخر پاکستانی سائنسدانوں، انجینیرز کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی ساختہ میزائل کا کامیاب تجربہ ملکی دفاع میں عظیم سنگ میل ہے۔

ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے تاہم اگر دشمن نے جارحیت مسلط کی تو  بھر پور جواب دیں گے۔

میزائل ٹیکنالوجی کی وجہ سے ملکی دفاع ناقابل تسخیر

پاکستان کے پاس اپنے دفاع کے لیے زمین، فضا اور سمندر میں نزدیک اور دور تک مار کرنے کا بہترین میزائل سسٹم موجود ہے۔

غوری، غزنوی، ابدالی، نصر، شاہین، بابر اور حتف کی شکل میں پاکستان کے پاس موجود میزائلوں نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔

پاکستان کا نصرمیزائل 60 کلومیٹرتک ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ حتف ون کی رینج 70 سے 100 کلومیٹر تک ہے۔ ایٹمی اور روایتی ہتھیار لے جانے والا غزنوی حتف تھری 290 سے 320 کلومیٹر اور ابدالی ون 180 کلومیٹر تک نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

بہترین صلاحیتوں کا حامل غوری ون 350 کلومیٹر اور شاہین ون 900 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔  درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل غوری حتف 5 کی صلاحیت 1300 کلومیٹر جبکہ غوری ٹو 1800 کلومیٹر تک وار کرسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: پاک فوج کا نصر میزائل کا ایک اور کامیاب تجربہ

پاکستان کے پاس موجود شاہین ٹو دوہزار کلو میٹر اور شاہین تھری کی شکل میں 2750 کلو میٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کے اہم جنگی ہتھیار بھی موجود ہیں۔ اسی طرح ابابیل 220 کلومیٹر، کروز میزائل بابر ون 700 کلومیٹر، بابر ٹو 750 کلومیٹر اور بابر تھری 450 کلومیٹر تک دشمن کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

پاکستان کے دفاعی نظام کا حصہ اینٹی ٹینک گائیڈڈمیزائل بکتر شکن 3 سے 4 ہزار میٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ضرب اینٹی شپ میزائل زمین سے سمندر میں 500 سے 5 ہزار میٹر تک دشمن کے بحری جہاز کو نشانہ بناسکتا ہے۔

بابر تھری حتف سیون سمندر سے زمین پر 750 کلومیٹر،رعد حتف ایٹ فضا سے زمین پر 550 کلومیٹر،غوری تھری زمین سے زمین پر 3 ہزار کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کے حامل ہیں۔


متعلقہ خبریں