یو اے ای سے پاکستان کو ایک ارب ڈالر موصول

ڈالر کی قیمت میں اضافہ | ہم نیوز

اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو متحدہ عرب امارات سے ایک ارب ڈالرموصول ہوگئے ہیں۔

ترجمان وزرات خزانہ کے مطابق یو اے ای سے موصول ہونے والی رقم سے ادائیگیوں کے توازن میں مزید بہتری آئے گی۔

ترجمان  کے مطابق حکومتی پالیسیوں کے موثر نتائج قابل بھروسہ اقدامات کی بنیاد پرہیں۔

گزشتہ سال یو اے ای نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ میں تین ارب روپے جمع کرانے کا اعلان کیا تھا جن میں سے دو ارب ڈالر پاکستان کو موصول ہوچکے ہیں۔

اس سے قبل پاکستان کو یواے ای سے ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط رواں سال میں 24 جنوری کوموصول ہوئی تھی۔

دو روز قبل پاکستان بزنس کونسل کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمرنے کہا تھا کہ آئندہ دو ہفتوں میں قومی خزانے میں چاراعشاریہ ایک ارب روپے آئیں گے۔

اسدعمرنے اس حوالے سے مزید کہا تھا کہ اس وقت مرکزی بینک کے غیر ملکی ذخائر 8.11 ارب ڈالر ہیں، جو ان قرضوں کی فراہمی کے بعد 12 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان کو اگلے ہفتے میں چین کی جانب سے بھی مالی امداد ملنے کی توقع ہے۔

واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے اقتدار سنبھالنےکے بعد سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کرکے پاکستان کی مالی امداد کی درخواست کی تھی جسے دونوں ممالک کی قیادت نے قبول کرتے ہوئے پاکستان کی مالی امداد کی حامی بھری تھی۔


متعلقہ خبریں