20 مارچ سے پنجاب میں اسکولوں کی داخلہ مہم کا آغاز

20 مارچ سے پنجاب میں اسکولوں کی داخلہ مہم کا آغاز | ہم نیوز

فوٹو: فائل


لاہور: پنجاب کے وزیر برائے اسکول ایجوکیشن مراد راس 20 مارچ سے اسکولوں کی داخلہ مہم کا باقاعدہ آغاز لاہور سے کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق لاہور سمیت دیگر اضلاع میں بھی 20 مارچ کو ہی مہم شروع ہوگی۔ متعلقہ اضلاع کے ڈی سیز اور سی ای اوز اپنے اضلاع میں مہم کا افتتاح کریں گے۔

تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو اس حوالے سے مراسلے جاری کردیے گئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ مہم کے آغاز سے قبل تمام 50 ہزار اسکولوں میں تشہیری مہم چلائی جائے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اسکولز نان سیلری بجٹ سے تشہیری مہم چلائیں گے، پرائمری اور مڈل کے لیے پانچ ہزار جبکہ ہائی اور ہائی سکینڈری اسکولوں میں 10 ہزار کے بینرز لگائے جائیں۔

مزید پڑھیں: پنجاب مں 50 ہزار اسکولوں کو 793 ملین روپے جاری

مراسلے میں مزید کہا گیا کہ داخلہ مہم کی تصویریں لیکر محکمہ کو بھجوائی جائیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں کروڑوں کی تعداد میں بچے اسکول نہیں جاتے۔

گزشتہ سال جولائی میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں دو کروڑ 28 لاکھ سے زائد بچے تعلیم کے زیور سے محروم ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ صوبہ بلوچستان میں بچوں کے اسکول نہ جانے کا تناسب سب سے زیادہ ہے اور اس کے بعد نمبر قبائلی علاقوں کا ہے۔

بلوچستان میں 70 فیصد، قبائلی علاقوں میں 57 فیصد جبکہ سندھ میں 52 فیصد بچے اسکول نہیں جاتے۔

پنجاب میں 40 فیصد، خیبرپختونخوا میں 34 فیصد، آزاد کشمیر اور گلگت بلستان میں 47 فیصد جبکہ اسلام آباد میں 12 فیصد بچے اسکول نہیں جاتے۔


متعلقہ خبریں