بلوچستان: دہشت گردی کے خلاف حکومتی برداشت صفر ہو نے کا اعلان

بلوچستان: دہشت گردی کے خلاف حکومتی برداشت صفر ہو نے کا اعلان

کوئٹہ: بلوچستان ایپکس کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف حکومت کی برداشت صفر ہوگئی ہے۔ کمیٹی نے واضح کیا کہ دہشت گردوں، ان کے سرپرستوں اور دہشت گرد تنظیموں کو فنڈنگ کرنے والوں سے آہنی ہاتھ سے نمٹا جائے گا۔

ہم نیوز کے مطابق یہ بات وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقد ہونے والے ایپکس کمیٹی کے گیارھویں اجلاس میں کہی گئی۔

اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان میں شامل تمام نکات پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ عاصم سلیم باجوہ، چیف سیکریٹری بلوچستان اختر نذیر اوردیگرسول و فوجی حکام نے شرکت کی۔

ہم نیوز کے مطابق اجلاس میں ملکی سالمیت اورقومی اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈے کو روکنے اور ریاست کے بیانیہ کو مؤثر طور پر اجاگر کرنے سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے اس حوالے سے فوری طور پر اقدامات کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا۔ فیصلے سے متعلق ہدایات متعلقہ اداروں کو جاری کردی گئی۔

اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے اس حوالے سے سیکیورٹی اداروں اور متعلقہ محکموں کو مربوط روابط کے قیام کے ذریعے جاری اقدامات اور کارروائیوں کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں اس امر سے اتفاق کیا گیا کہ سرحدوں اور قومی شاہراہوں کی مؤثر سیکیورٹی امن کی ضمانت فراہم کرے گی۔

ایپکس کمیٹی نے سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں اور کاوش سے امن وامان کی صورتحال میں بہتری اور دہشت گردی، اغوا برائے تاوان سمیت دیگر عمومی جرائم کی کمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اجلاس میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپاٹمنٹ کے دائرہ کار کو صوبے کی سطح تک بڑھانے، پراسیکیوشن کے نظام کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے، سائبر کرائم کی روک تھام، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ، اقلیتوں کے تحفظ اور ان کی عبادت گاہوں کی سیکیورٹی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اہم فیصلے کئے گئے۔

ایپکس کمیٹی کی جانب سے کیے جانے والے فیصلوں سے متعلقہ اداروں کو آگاہ کرتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ وہ فوری طور پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

ہم نیوز کے مطابق شرکائے اجلاس کو کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ کی پیشرفت اورگوادر سیف سٹی منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ ان منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرکے ان پر عملدرآمد کا آغاز کیا جائے گا۔

اجلاس میں ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہونے والے 22 سو سے زائد افراد کو ہنرمند بنا کر مختلف شعبوں میں روزگار کے حصول کے قابل بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے صوبائی حکومت اور پاک فوج مشترکہ طور پر اقدامات کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق اجلاس میں ایپکس کمیٹی کے گذشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔


متعلقہ خبریں