بھٹہ مزدور نے اہلیہ سمیت 3 بچوں کو قتل کر دیا



قصور: کوٹ رادھا کشن میں گھریلو جھگڑے کے بعد بھٹہ مزدور خاوند نے اہلیہ اور 3 بچوں کو قتل کر دیا۔

کوٹ رادھا کشن کے علاقہ مدھ کے دھاریوال میں قتل کی لرزہ خیز واردات ہوئی جس میں بھٹہ مزدور محمد جابر نے گھریلو جھگڑے کے بعد تیز دھار آلے سے اہلیہ اور 3 بچوں کو قتل کیا۔

قتل ہونے والوں میں جابر کی اہلیہ 28 سالہ نازیہ، 12 سالہ بیٹا نوید، 3 سالہ بیٹی عطیہ اور 2 ماہ کا بیٹا تنویر شامل ہیں جب کہ  بیٹا شبیر شدید زخمی ہو گیا جسے علاج کے لیے کوٹ رادھا کشن اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں شوہر نے بیوی اور بچوں کو قتل کر کے خود کو آگ لگالی

کوٹ رادھا کشن پولیس نے ملزم جابر کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔

گزشتہ ماہ بھی پنجاب کے علاقہ کھاریاں میں اسی طرح قتل کی لرزہ خیز واردات ہوئی تھی جس میں خاوند نے گھریلو جھگڑے کے بعد اہلیہ اور تین بچوں کو ڈنڈے اور چھریاں مار کر قتل کر دیا تھا۔

قتل کی اس لرزہ خیز واردات میں جاں بحق ہونے والوں میں اہلیہ، دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل تھی۔ جن کی شناخت 37 سالہ نازیہ، 15 سالہ آمنہ 12سالہ زرقا اور 5 سالہ سمیع کے نام سے ہوئی تھی۔

واردات کے بعد ملزم نے خود کو بھی آگ لگا لی تھی، آگ لگنے سے سارا گھر جل گیا اور ملزم فیاض خود بھی جھلس کر ہلاک ہو گیا تھا۔

23 فروری کو کراچی کے علا قے کورنگی میں 7 سالہ بچی کو باپ عبدالحکیم نے محض کیک نہ کھانے پر قتل کر دیا تھا۔

ایس ایس پی کورنگی کے مطابق سفاک باپ نے نشے کی حالت میں بچی پر لوہے کے پائپ سے بہیمانہ تشدد کر کے قتل کیا اور جائے وقوعہ سے  فرار ہو گیا۔

ملزم عبد الحکیم پیشے کے لحاظ سے ماہی گیر ہے جب کہ بچی کی والدہ نے پولیس کو دیے بیان میں بتایا کہ 7 سالہ مسکان کو اس کا باپ آئے روز تشدد کانشانہ بناتا تھا۔


متعلقہ خبریں