راولپنڈی میں خاتون سمیت چار افراد قتل

راولپنڈی میں 3 نوجوان قتل

فوٹو: ہم نیوز


راولپنڈی: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں ایک ہی دن دو مختلف واقعات میں ایک خاتون سمیت چار افراد کو قتل کردیا گیا۔

دو نوجوانوں کی لاشیں چکری روڈ سے ملیں ہیں جنہیں تشدد کرکے قتل کیا گیا اور ایک نوجوان ثاقب بنگش کو راولپنڈی کے علاقے سیٹیلائٹ ٹاؤن اے بلاک میں گولی مار کر قتل کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چکری روڈ سے ملنے والی لاشوں پر تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں تاہم قتل کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی سامنے آسکے گی۔ لاشوں کو  ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

مقتول ثاقب بنگش

چکری روڈ  کا واقعہ تھانہ صدر بیرونی کی حدود میں پیش آیا ہے اور پولیس مزید تفتیش کررہی ہے لیکن مقتولین کی شناخت معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

راولپنڈی کے علاقے  سیٹیلائٹ ٹاؤن اے بلاک میں ہونے والے قتل کے بعد تھانہ صادق آباد پولیس نے موقع پر پہنچ کر ثبوت و شواہد اکٹھے کیے ہیں۔

ہم نیوز کو ملنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سیٹلائیٹ ٹاؤن میں نوجوان کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر قتل کیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں ہونے والے دونوں واقعات کا مقدمہ فی الحال درج نہیں ہوسکا۔

دوسری جانب کہوٹہ کے علاقہ ڈھوک لس میں دیرینہ دشمنی کی بنا پر خاتون کو قتل جبکہ اس کے بیٹے کو شدید زخمی کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ خاتون افناز بی بی کھیتوں میں مویشی چرا رہی تھی کہ ملزم محمد ندیم نے فائرنگ کر دی۔

پولیس نے بتایا کہ فائرنگ سے خاتون کا بیٹا عمار زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم محمد ندیم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہا جبکہ مقتولہ کی لاش ٹی ایچ کیو منتقل کردی گئی۔


متعلقہ خبریں