ڈپٹی مئیر کراچی ارشد وہرہ نا اہل قرار



اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاک سرزمین پارٹی(پی ایس پی) کے رہنما اور کراچی کے ڈپٹی میئر ارشد وہرہ کو نااہل قرار دے دیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے بدھ کے روز ڈپٹی مئیر کراچی کی نااہلی کیس کا فیصلہ سنایا۔ فیصلے کے مطابق ارشد وہرہ ایم کیو ایم پاکستان چھوڑ کر پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہونے پر نااہل ہوئے ہیں۔

ڈپٹی میئر کراچی کی نااہلی کیلئے ایم کیو ایم پاکستان نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی۔ پی ایس پی رہنما ضلع سنٹرل کراچی کی یونین کونسل 49 سے چیرمین منتخب ہوئے تھے۔ ایم کیو ایم نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ ڈپٹی میئرکراچی ایم کیوایم کے ووٹوں پر منتخب ہوئے تھے اور اب جماعت تبدیل کرلی ہے۔

الیکشن کمیشن نے گزشتہ سماعت پر کارروائی مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ ای سی پی نے ارشد وہرہ کو لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت پارٹی سے منحرف ہونے پر نااہل قرار دیا ہے۔

فیصلے کے وقت  ڈپٹی میئر کی جانب سے کوئی بھی الیکشن کمیشن میں موجود نہیں تھا۔

وکیل ارشد وہرہ سید حفیظ الدین فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن پہنچے۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن اور عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، ڈپٹی میئر کے منحرف ہونے پر ان کو نااہل کیا گیا، ہم الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے خلاف اپیل میں جانے کا حق رکھتے ہیں۔

ڈپٹی میئر ارشد وہرہ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ  فیصلے پر وکلا سے مشاورت کے بعد اسے چیلنج کیا جائے گا۔

ڈپٹی مئیر یم کیو ایم پاکستان سے ہو گا

ایم کیو ایم پاکستان کے سینیٹر میاں عتیق نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے اہم فیصلہ دیا ہے جس سے  ہماری جماعت کو فتح نصیب ہوئی ہے، یہ فتح حق سچ کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلور کراسنگ کرنا اب آسان نہیں ہو گا اور ڈپٹی مئیر یم کیو ایم پاکستان سے ہو گا۔


متعلقہ خبریں