ایان علی کی وارنٹ گرفتاری کیخلاف درخواست پر اعتراض عائد

عدالت کا ایان علی کی وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست پر اعتراض

فوٹو: فائل


لاہور: لاہور ہائی کورٹ آفس نے ماڈل گرل ایان علی کی وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست پر اعتراض لگا دیا۔

ہائی کورٹ دفتر کے مطابق درخواست گزار ماڈل ایان علی پاکستان  میں موجود نہیں ہیں اور ایان علی کی عدم موجودگی میں درخواست کو سماعت کے لیے مقرر نہیں کیا جا سکتا۔

لاہور ہائی کورٹ دفتر میں ایان علی نے وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست آفتاب باجوہ ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی۔

دائر درخواست میں ایان علی نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کا سامنا کرنے کے لیے ٹرائل کورٹ میں پیش ہونا چاہتی ہیں اور انہیں اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے کسٹم عدالت میں پیش ہونے کا موقع دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 10 اے کے تحت شفاف ٹرائل ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ درخواست میں کسٹم عدالت کی جانب سے جاری کردہ وارنٹ گرفتاری واپس لینے کی استدعا کی گئی ہے۔

ایان علی نے گزشتہ روز وارنٹ گرفتاری کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

واضح رہے کہ کسٹم عدالت نے پیش نہ ہونے پر ڈالر کوئین ایان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں اور ایان علی پر 5 لاکھ ڈالرز غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کرنے کے الزام کے تحت کسٹم حکام نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں ماڈل گرل ایان علی اشتہاری قرار، وارنٹ جاری

عدالت نے گزشتہ سماعت میں ریمارکس دیے تھے کہ ماڈل ایان علی کو مسلسل عدالت طلب کیا جاتا رہا مگر وہ نہیں آئیں، ماڈل نے جو ایڈریس دیا وہ کراچی کی نجی سوسائٹی کا ہے۔

عدالت آئندہ سماعت پر تمام گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت 16 مارچ تک ملتوی کر رکھی ہے۔

یاد رہے کہ کسٹم عدالت نے ماڈل گرل ایان علی کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لینے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ملزمہ کو 15 فروری کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالت نے ڈالر گرل ایان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لینے، مستقل حاضری سے استثنیٰ اور مقدمہ ختم کرنے کی تینوں درخواستوں کو مسترد کر دیا تھا۔


متعلقہ خبریں