گلالئی اسماعیل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست منظور

گلالئی اسماعیل کی ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست منظور

فوٹو: فائل


اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے گلا لئی اسماعیل کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کی درخواست منظور کر لی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ گلا لئی اسماعیل کا ضبط کیا گیا پاسپورٹ بھی واپس کرنے کا حکم دے دیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے پاسپورٹ حوالگی سے متعلق 15 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ فریقین کو آزادی ہے اس روشنی میں قانون کے مطابق عمل کریں۔

گلا لئی اسماعیل انسانی حقوق کی سرگرم کارکن اور متعدد این جی ایز کی چیئرپرسن ہیں۔ انہیں انٹرنیشنل ہیومینسٹ اینڈ ایتھیکل یونین کے ‘ہیومینسٹ آف دے ایئر’ ایوارڈ اور شیراک فاؤنڈیشن کے امن ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں بین الاقوامی ایوارڈ یافتہ گلالئی اسماعیل کو رہا کردیا گیا
گلالئی اسماعیل صوابی میں پیدا ہوئیں، وہ اسکول ٹیچر اور انسانی حقوق کے رکن محمد اسماعیل کی بیٹی ہیں۔ گلالئی اسماعیل نے 2002 میں قائد اعظم یونیورسٹی سے فلسفہ میں ماسٹر ڈگری حاصل کی۔

گزشتہ سال گلا لئی اسماعیل کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے برطانیہ سے واپسی پر گرفتار کیا جس کے بعد ہیومن رائٹ ایکٹیوسٹ کو اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سیل کے حوالے کیا گیا تاہم 12 اکتوبر کو انہیں رہا کر دیا گیا تھا۔

گلا لئی اسماعیل کو گزشتہ ماہ بھی اسلام آباد پریس کلب کے باہر ملک دشمن تقاریر کرنے پر حراست میں لیا گیا تھا تاہم ان کی گرفتاری ظاہر نہیں کی جا رہی تھی اور ان کی جبری گمشدگی کے خلاف سوشل میڈیا پر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کو گزشتہ ماہ 7 فروری کو اسلام آباد پولیس نے رہا کیا تھا۔

گلا لئی اسماعیل پر ملک دشمن ایجنسیوں سے مبینہ طور پر فنڈز لینے اور ملک دشمن سرگرمیاں میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔


متعلقہ خبریں